سٹی42: پاکستان کے نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک میں ناراضگی کے نام پر تشدد کی اجازت نہیں اور ناراضگیوں کو چھوڑ کر پاکستان کو آگے لےکر جانے کی ضرورت ہے۔
آج 78 ویں یومِ آزادی پر کوئٹہ میں قومی پرچم لہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ آئیے آج مل کر عہد کریں ہم سازش کا حصہ نہیں بنیں گے، ہمیں مل کر پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے۔قوم کو دل کی گہرائیوں سے یوم آزادی مبارک ہو، پاکستان تاقیامت قائم و دائم رہے گا، پاکستان ایک گلدستہ ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ترقی کرےگا۔
اسحاق ڈار نے پرچم لہرانے کی تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2017ء میں پاکستان دنیا کی 24 ویں بہترین معیشت بن چکا تھا، پاکستان کی اسٹاک ایکسچینج جنوبی ایشیا میں نمبر ون بن گئی تھی۔
نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے، سازشی منہ کی کھائیں گے اور پاکستان مستقبل میں ایک ابھرتا ہوا ستارہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس اربوں کھربوں روپے کی معدنیات ہیں، پاکستان ایٹمی قوت ہے اب معاشی قوت بھی بنانا ہے۔