ویب ڈیسک: بھارت میں سوشل میڈیا ویوز کے لیے قومی پرندے مور کو پکا کر کھانے والے یوٹیوبر کو گرفتار کر لیا گیا،بھارتی کے تحفظ جنگلی حیات کے سخت قوانین کے مطابق مور کا شکار کرنا غیر قانونی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا اسٹار کودم پرانے کمار کو حراست میں لیکر جب ان کے موبائل سے دیگر ویڈیوز حاصل کی گئیں تو اس بات کی تصدیق ہوئی کہ انہوں نے مور کے گوشت کا سالن بنا کر کھایا ہے۔
پولیس سپرینٹنڈنٹ تلنگانہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کودم پرانے وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت 14 روز کے ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں، ان کے مستقبل کا فیصلہ عدالت کرے گی کہ انہیں رہائی ملنی ہے یا پھر وہ مزید تحویل میں رہیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس بات کی بھی تحقیقات جاری ہیں کہ سوشل میڈیا اسٹار نے مور کہاں سے اور کیسے حاصل کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کودم پرانے نے ویڈیوز اپنے چینل سے ہٹا دی ہیں لیکن ویڈیوز کو دیکھ کر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ اسٹنٹ سوشل میڈیا ویوز حاصل کرنے کے لیے کیا گیا۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کودم پرانے کو ویڈیو پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا تھا کہ یو ٹیوبر نے جنگلی حیات کی غیر قانونی طریقے سے پروموشن کی اور قومی نشانی کی بے حرمتی کی۔