سٹی42: پاکستان کے76 ویں یومِ آزادی کا لاہور میں آغاز مینار پاکستان پر آتشبازی کے شاندار مظاہرہ سے ہوا، آتشبازی سے لاہور کا آسمان رنگ و نور سے جگمگا اُٹھا!
لاہور کے شہریوں کی بہت بڑی تعداد بچوں سمیت یوم آزادی پر آتشبازی کا مظاہرہ دیکھنے کے لئے مینار پاکستان پر جمع تھی جبکہ ارد گرد کی سڑکوں پر بھی بہت بڑی تعداد میں عوام آتشبازی کا یہ خصوصی شو دیکھنے کے لئے موجود تھے۔
لاہور میں 14 اگست کا آغاز ہوتے ہی لاہور بھر کے تمام علاقوں میں شہری سڑکوں پر امنڈ پڑے ہیں۔ لاہور مین مال روڈ، لبرٹی، فیروز پور روڈ، جیل روڈ، مون مارکیٹ، پی آئی اے روڈ، ٹاون شپ مین مارکیٹ، گلشن اقبال مون مارکیٹ، والڈ سٹی لاہور کی سرکلر روڈ اور دیگر بہت سی سڑکوں پر لوگوں کا جم غفیر بچوں کے ساتھ آزادی کا جشن منانے کے لئے قومی پرچم ہاتھوں میں لے کرسڑکوں پر نکل آیا ہے۔
لاہور میں جشن آزادی منانے کے لئے نوجوان روایتی باجا جوش و خروش کے ساتھ بجا رہے ہیں۔ باجے پر پابندی کے باوجود باجا بجانے کے لئے نوجوانوں کے جوش میں کوئی کمی نہیں دیکھی گئی۔
اس جشن آزادی کی خاص بات یہ ہے کہ لوگوں کی آزادی میں پولیس کوئی مداخلت نہیں کر رہی لیکن فیملیز کے تحفظ اور اس دن کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری ہر سڑک پر مستعد ہے،۔
یوم آزادی منانے کے لئے سڑکوں پر نکلنے والوں میں خواتین کی بہت بڑی تعداد موجود ہے اور شہر کے کسی علاقہ میں اب تک کوئی ناخوشگوارر واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔
جشن آزادی شروع ہوتے ہی صدیق ٹریڈ سینٹر کے باہر شہریوں کا بڑا رش لگ گیا لاہوریوں نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے ہیں۔
صدیق ٹریڈ سینٹر کے باہر شب بارہ بجےشہریوں کا بڑا رش لگا رہا۔ لاہوریوں نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ ہر طرف شہریوں کا بڑا ہجوم دکھائی دے رہا تھا۔ شہر کی سجاوٹ دیکھنے کیلئے فیملیز بھی باہر پہنچ گئیں۔ بچے بوڑھے جوان جشن آزادی کی تیاریوں میں مصروف رہے۔لبرٹی چوک میں بڑی تعداد میں لاہوریئے رات کے12 بجے آزادی کی خوشیاں منا رہے ہیں ۔ بچے بڑے سبھی ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اٹھائے یوم آزادی کی خوشیاں مناتے دکھائی دے رہے تھے۔