(علی اکبر) مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ ارض پاکستان صرف زمین کا ایک ٹکڑا نہیں، بلکہ ہماری پہچان ہے۔ ایک خوددار اور خود مختار پاکستان کے لیے ہمیں اپنی سیاسی وابستگیوں اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اپنا مجموعی کردار ادا کرنا ہو گا۔
مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے محکمہ اطلاعات وثقافت پنجاب کی جانب سے الحمراء میں منعقد کردہ قیام پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریب ”آزادی میوزک شو“ کے میں شرکت کی اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات و ثقافت منصور احمد، ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا آرٹس کونسل فرحت جبین، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل ثمن رائے بھی موجود تھیں، مشیرِ اطلاعات پنجاب نے مختلف فنکاروں میں کمال فن ایوارڈز بھی تقسیم کیے جن میں استاد غلام علی خان، استاد حامد علی خان، شفقت علی خان، شیبا ارشد، حامد رانا شامل تھے۔
اس موقع پر عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ مملکت پاکستان کو قائم ہوئے 75برس گزر چکے۔ آج ہم اس متاعِ عزیز کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات منا رہے ہیں۔ آج کے دن ہم اپنے شہداء کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے قیام پاکستان کے وقت اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے اور جن کی بدولت ہم آج اس آزاد وطن میں چین کی نیند سوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات وثقافت کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات انہی جانبازوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا ذریعہ بن رہی ہیں۔زبان و ادب اور ثقافت کے ہمارے تمام ادارے بالخصوص ہمارے فنکار اس مملکت خداداد کے تحفظ و استحکام میں عوام کے جذبے کو گرماتے ہیں، ہم ان کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے محکمہ اطلاعات وثقافت کی جانب سے شاندار انداز میں ڈائمنڈ جوبلی تقریبات منعقد کرنے پر متعلقہ حکام اور سٹاف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ورثے میں عظیم اقدار، عالیشان نظم ونسق، معتبر روایات اور بامقصد اصول ملے جن کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ہمیں پاکستان کی خوش حالی اور بہبود اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہونی چاہیے۔