یوم آزادی پر وزیر اعظم نے راول چوک فلائی اوور کا افتتاح کردیا

14 Aug, 2022 | 01:43 PM

Read more!

(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر راول چوک فلائی اوور  کا افتتاح کر دیا۔

یوم آزادی کے موقع پر اسلام آباد میں راول چوک فلائی اوور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نےکہا کہ گزشتہ 4 سال سے یہ منصوبہ التوا کا شکار تھا، جسے چند ماہ میں مکمل کیا، امید ہے بھارہ کہو کا منصوبہ 4 ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کو متعلقہ حکام نے راول چوک فلائی اوور منصوبے سے متعلق بریفنگ بھی دی۔ وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب، سابق اراکین اسمبلی حنیف عباسی، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، رکن اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، زہرہ ودود فاطمی، طارق فاطمی، دانیال چوہدری، سی ڈی اے، ایف ڈبلیو او اور دیگر محکموں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے قائد اعظم کی عظیم قیادت میں لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے خداداد مملکت پاکستان حاصل کیا۔ آج پاکستان کی 75 ویں سالگرہ ہے اور پوری قوم یہ دن بڑے اہتمام اور جوش وخروش سے منارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن پاکستان کا یوم آزادی مناتے ہوئے اس دن کو گواہ بنا کر عہد کریں کہ جس طرح قائد اعظم اور لاکھوں مسلمانوں نے تحریک چلائی اسی طرح ہم آج کمر بستہ ہو کر پاکستان کی تقدیر بدلیں گے اور پاکستان کواس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔

مزیدخبریں