(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ملک گیر جلسوں کا اعلان کر دیا۔
لاہور کے ہاکی اسٹیڈیم میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ عوام میں نکلنے کا فیصلہ کیا ہے، اگلے ہفتے پنڈی اور پھر کراچی میں جلسے کروں گا، زرداری بڑا لیٹرا ہے، اس نے سندھ کی عوام کوغلام بنایا ہوا ہے، سندھ کے لوگوں میں آ رہا ہوں، پشاور، کوئٹہ، مردان، اٹک، ملتان، بہاولپور، سرگودھا، جہلم، گجرات، فیصل آباد والو تیار ہو جاؤ، حقیقی آزادی کی جنگ آخری اورفیصلہ کن مرحلے میں ہے۔
عمران خان نے حکمراں اتحاد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نوازشریف، مریم نواز، مولانا فضل الرحمان، ایازصادق، خواجہ آصف جیسے افواج پر تنقید کرنے والے چوہے ہمیں آج غدار کہہ رہے ہیں، یہ کمپین چلا رہے ہیں تحریک انصاف فوج کے خلاف ہے۔ سوشل میڈیا پر لوگوں کو پکڑ کر کہا جا رہا ہے عمران خان کے خلاف بیان دو، میری تنقید تعمیری ہوتی ہے جس طرح ایک باپ اپنے بچوں کی اصلاح کرتا ہے، جن کا پیسہ اورسب کچھ باہر وہ مجھے غدارکہہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی جماعت کو فوج کے خلاف کھڑا کرنا ملک کے خلاف سب سے بڑی سازش ہے، یہ کیسے ہوسکتا ہے میں اپنے ملک کی فوج کو کمزور کروں، بیرون ملک سے اتنی سازشیں ہو رہی ہیں میں کبھی نہیں چاہوں گا فوج کمزور ہو۔