ہنجروال کیس، ملزمان 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

14 Aug, 2021 | 03:57 PM

سٹی 42:    ہنجر وال کے علاقے میں چار بچیوں کے اغواء میں ملوث پانچ ملزمان کی ضلع کچہری میں پیشی ،ڈیوٹی جج نے ملزمان کو  14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

تفصیلات کے مطابق  ڈیوٹی جج جوڈیشل مجسٹریٹ ضلع کچہری نے کیس پر سماعت کی۔ پانچ ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد پولیس کی جانب سے پیش کیا گیا ،تفتیشی افسر نے کہا تفتیش مکمل ہو گئی ہے مزید جسمانی ریمانڈ نہیں چاہتے ملزمان گناہ گار ہیں ایک بچی عائشہ سے زیادتی کے شواہد ملے ہیں ڈی این اے نمونے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں۔ ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جائے عدالت نے ملزمان کا 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کر لیا۔

اغوا کی جانے والی بچیوں میں کنزہ، انعم، عائشہ اور سمرین شامل ہیں ۔تفتیشی رپورٹ کے مطابق ملزم شوکت، شہزاد ،محمد قاسم، نعیم، اور آصف بچیوں کو لاہور سے اغوا کرکے ساہیوال لے گئے تھے ملزمان بچیوں کو جسم فروشی کیلیے فروخت کرنا چاہتے تھے جبکہ کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملزمان کا کہنا تھا بچیاں خود گھر سے بھاگی تھیں اور گھر واپس جانے سے انکار کر دیا تھا ،ہم بچیوں کی مدد کر رہے تھے۔ ہم نے خود پولیس کو ون فائیو پر اطلاع دی تھی ۔ بچیاں گھر والوں سے باغی ہو چکی تھیں اپنی کلائیوں پر دوستوں کے نام لکھوا رکھے تھے بچیوں کو محفوظ مقام پر پہنچانے کیلئے ساہیوال لے گئے تھے۔
 

مزیدخبریں