ویب ڈیسک:موسمیاتی تبدیلی نے دنیا کو اپنے نشانے پر رکھ لیا، دنیا میں گرمی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ جولائی تاریخ کا گرم ترین مہینہ قرار دے دیا گیا۔
امریکی سائنسی ایجنسی نے کہا ہے کہ رواں سال کا جولائی، دستیاب ریکارڈز کے مطابق تاریخ کا گرم ترین مہینہ تھا۔عام طور پر جولائی میں سال بھر سے زیادہ گرمی پڑتی ہے، لیکن اس سال تو گرمی نے تمام حدیں ہی پار کر دیں۔
نیشنل اوشنک اینڈ ایٹموسفیرک ایڈمنسٹریشن کے مطابق رواں سال جولائی میں زمین اور سمندر کی سطح کا مجموعی درجہ حرارت گزشتہ صدی کے اوسط درجہ حرارت کے مقابلے میں 0.93 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 2021 کے جولائی نے 2016، 2019 اور 2020 کے گرم ترین جولائی کے ریکارڈ بھی توڑ ڈالے۔
امریکی ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہ نیا ریکارڈ موسمیاتی تبدیلی کے سبب پیدا، پریشان کن اور افراتفری کی صورتحال کے مزید خراب ہونے کی نشاندہی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ یورپی یونین کی موسمی ایجنسی کے مطابق رواں سال کا جولائی تاریخ کا تیسرا گرم ترین مہینہ تھا۔
جولائی 2021 نے گرم ترین ہونے کےسب ریکارڈ توڑ ڈالے
14 Aug, 2021 | 01:48 PM