وزیراعلیٰ پنجاب سے سعودی سفیر کی ملاقات

14 Aug, 2020 | 06:55 PM

Arslan Sheikh
Read more!

( علی اکبر ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ دلی اور روحانی وابستگی رکھتے ہیں، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اخوت اور بھائی چارے کا مضبوط رشتہ ہے، سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی۔ سعودی عرب کے سفیر نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے پاکستانی قوم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے گہرے دوستانہ، برادرانہ، مذہبی اور تاریخی تعلقات ہیں۔ پاکستان کی تعمیرو ترقی میں سعودی حکومت کا تعاون لائق تحسین ہے۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے سب سے بڑے منصوبے راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے، اس منصوبے سے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کی محفوظ سرمایہ کاری کے مواقع میسر ہوں گے۔ سعودی عرب کے سرمایہ کار اس میگا پراجیکٹ میں بھرپور سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ حکومت سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دے گی۔

سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے پنجاب میں عوام کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے عوام مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، میں آج پاکستان کے عوام کو یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتاہوں۔

مزیدخبریں