جیل روڈ (زاہد چودھری، قیصر کھوکھر) لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 47 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے، سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں 37 مریض زیر علاج، آئی سی یو میں 16 اور 12 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں، ایک موت کی تصدیق بھی ہوئی، شہر میں کورونا وبا کے دوران اب تک 835 اموات ہوچکی ہیں اور کیسز کی مجموعی تعداد 48076 ہوگئی ہے۔
ترجمان پرائمری ہیلتھ کے مطابق شہر کے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا کے 37 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 16 آئی سی یو اور 12 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔ پنجاب بھر میں بھی کورونا کے 150 نئے مریض سامنے آئے ہیں اور 2 اموات ہوئی ہیں۔ صوبے میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 94865 ہوگئی ہے اور اب تک 2179 اموات ہوچکی ہیں۔ صوبے میں کورونا کی تشخیص کیلئے 801198 کوروناٹیسٹ کئے گئے ہیں،اب تک 86389 کورونامریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی رپورٹ کے مطابق لاہورمیں 47، ننکانہ میں 2، قصور میں ایک، شیخو پورہ میں ایک، راولپنڈی میں23، جہلم میں 2، اٹک میں ایک، چکوال میں 3 اورگوجرانوالہ میں 20 کیسز رپورٹ ہوئے، سیالکوٹ میں7، نارووا ل میں ایک، گجرات میں9، حافظ آباد میں ایک، منڈی بہاؤالدین میں 3، ملتان میں 7، وہاڑی میں 2، فیصل آباد میں 4، ٹوبہ میں 3 اور رحیم یار خان میں ایک کیس سامنے آیا۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کی شدت کم ہورہی ہے تاہم فی الحال شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو جاری رکھنا ہوگا تاکہ وبا مکمل طور پر ختم ہوسکے،شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔