محکمہ ایکسائز کا پنجاب بھر میں ایک ہی سیریز کے نمبرز جاری کرنےکا فیصلہ

14 Aug, 2020 | 12:31 PM

Sughra Afzal

فرید کوٹ ہاؤس (علی ساہی) محکمہ ایکسائز کا شہریوں کی سہولت کیلئے اہم اقدام، لاہور سمیت پنجاب بھر میں اضلاع کی شناخت کی بجائے ایک ہی سیریز کے نمبرز جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ 

صوبائی وزیر ایکسائز حافظ ممتاز پیر کو نئے منصوبے کا آغاز کریں گے، ڈائریکٹر ریجن سی رانا قمرالحسن سجاد نے کہا ہے کہ پیر سے لاہور سمیت صوبہ بھر میں اضلاع کی شناخت کی بجائے ایک ہی سیریز کے نمبرز جاری کیے جائیں گے، جس میں کاروں کی سیریز میں 3 الفاظ اور 3 نمبرز ہوں گے اور کاروں کی ایک سیریز میں 999 نمبرز ہونگے جبکہ موٹر سائیکل اور کمرشل گاڑیوں کی سیریز میں 3 الفاظ اور 4 نمبرز ہونگے اور دونوں کیٹگریز کیلئے  9 ہزار نمبر رکھے جائیں گے۔ ہر سیریز میں پرکشش نمبروں کی تعداد اوسطا ً40 ہوگی اور پہلے دن 5 کیٹگریز کی سیریز شروع کی جائیں گی۔

رانا قمرالحسن سجاد نے کہا کہ یونیورسل نمبرز کی پہلی سیریز کے پرکشش نمبروں کی آکشن 23 اگست کو ہوگی، تمام موٹررجسٹریشن اتھارٹیز کو میٹنگ کے ذریعے یونیورسل نمبرز کے اجرا کے طریقہ کار سے آگاہ کردیا گیا ہے جبکہ صوبائی وزیر ایکسائز حافظ ممتاز پیر کو نئے منصوبے کا آغاز کریں گے، یہ اقدام سیف سٹیز کے مطالبے پر کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ نمبرز کی سیریز ایل ای ایل 20 کے پرکشش نمبروں کی آخری نیلامی واپڈا ٹاؤن گول چکر آفس میں ای ٹی او عدیل امجد کی سربراہی میں ہوئی جس میں 1685 نمبروں میں صرف 77 نمبرز فروخت ہوئے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ ایکسائز نے شہریوں سے 16 لاکھ سے زائد گاڑیوں کی نمبر پلیٹس اور 8 لاکھ سمارٹ کارڈز کی فیس کی مد میں 2 ارب سے زائد کی وصولی کر لی لیکن پلیٹس اور کارڈز کب جاری ہونگے کوئی معلوم نہیں، 13 لاکھ موٹر سائیکلوں، 3 لاکھ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی مد میں ایک ارب 45 کروڑ جبکہ 8 لاکھ سمارٹ کارڈز کے لیے شہریوں سے 60 کروڑ سے زائد کی رقم وصول کی گئی لیکن پچھلے ڈیڑھ سال سے نمبر پلیٹس اور 6 ماہ سے سمارٹ کارڈ کی ترسیل نہ جاری ہوسکی، شہریوں سے سمارٹ کارڈ 730، کار 1200 اور موٹرسائیکل نمبر پلیٹ کی 750روپے فیس کی مد میں وصول کی جارہی ہے۔ 

مزیدخبریں