سٹی42: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہید جمہوریت ذولفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ ملک میں پارلیمانی نظام جمہوریت شہید ذوالفقار علی بھٹو کا مرہون منت ہے۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایک ایسا آئین دیا جو ہر شہری کے بنیادی انسانی حقوق کا ضامن ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ بھٹو پاکستان کے واحد لیڈر تھے جن پر پوری امت مسلمہ کو آج بھی فخر ہے ۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہید نے اپنے دور حکومت میں امتِ مسلمہ کی وحدت اور یگانگت کے ٹھوس موقف کو بھرپور فروغ دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے آج ان کے بینادی فلسفہ جمہوریت پر عمل کرتے ہوئے عوامی خدمت کو اپنا منشور بنایا ہے۔ شہید ملت کے فلسفہ جمہوریت پر مکمل عملدرآمد سے ہی ہم عوام کی بہتر خدمت کر سکتے ہیں ۔
صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریہ عوامی خدمت کو اپنائے ۔ ایک آزاد جمہوری معاشرہ ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے ۔