حالیہ بارشوں سے ابھی تک گندم کی فصل پر منفی اثرات مشاہدہ میں نہیں آئے، سیکرٹری زراعت

14 Apr, 2024 | 06:48 PM

 علی رامے :  سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں سے ابھی تک گندم کی فصل پر کسی قسم کے منفی اثرات مشاہدہ میں نہیں آئے۔ 

 سیکرٹری زراعت پنجاب زیرِ صدارت گندم کی سنبھال کے حوالے سے زراعت ہاؤس لاہور میں اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اسپشل سیکرٹری زراعت ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم، ڈائریکٹر جنرل زراعت (کراپ رپورٹنگ) ڈاکٹر عبدالقیوم،کنسلٹنٹ محکمہ زراعت ڈاکٹر انجم علی اور ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع) پنجاب ڈاکٹر اشتیاق حسن سمیت جنوبی پنجاب کے تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز زراعت توسیع کی بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔ 

سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے گندم کی برداشت کے عمل میں تھوڑی تاخیر ہوئی ہے۔ گندم کی کٹائی اور گہائی بارے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جائے۔  گندم کی فی ایکڑ پیداوار کا  ریکارڈ مرتب کر کے پیش کیا جائے۔  گندم کی کٹائی گہائی کے لئے موسمی پشین گوئی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کاشتکاروں کی راہنمائی کی جائے۔  گندم کی کٹائی گہائی ذخیرہ اور ترسیل بارے کاشتکاروں کی فنی راہنمائی کے سلسلہ میں جاری سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ گندم کی ایڈوائزری موسمی صورتحال کے پیشِ نظر جاری کی جائے۔ جنوبی پنجاب میں گندم کی کٹائی کے فوراً بعد کاشتکاروں کو کپاس کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی بارے آگاہی فراہم کی جائے۔  کپاس کی کاشت کے سلسلہ میں جاری مہم کی اہمیت کے پیشِ نظر محکمہ زراعت کے تمام عملہ کی متفرق ڈیوٹیاں ختم کر دی گئی ہیں۔ محکمہ زراعت کے افسران و فیلڈ عملہ کپاس کے کاشتکاروں کی راہنمائی کیلئے فیلڈ سرگرمیوں میں بہتری لائیں۔ کپاس کی کاشت کیلئے پانی کی فراہمی بارے محکمہ آبپاشی کے مقامی افسران سے کوآرڈینشن بہتر کی جائے۔ مارکیٹوں میں معیاری زرعی مداخل کی مقرر کردہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کے عمل میں تیزی لائی جائے۔

مزیدخبریں