ماضی کی طرح فنکار، ہدایتکار اور فلم ساز مل کر کام کریں گے تو انڈسٹری بحال ہو گی، فواد خان

14 Apr, 2023 | 11:19 PM

Bilal Arshad

ویب ڈیسک: پاکستانی معروف اداکار وگلوکار فواد خان کا کہنا ہے کہ جس طرح ماضی میں فنکار، ہدایتکار، ڈسٹری بیوٹر اور فلم ساز مل کر کام کرتے تھے، اگر ایسا اب پھر ممکن ہوا تو انڈسٹری بحال ہوجائے گی۔

 تفصیلا ت  کے مطابق اداکار فواد خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ" فلم انڈسٹری کے ٹائی ٹینک کو ڈوبنے سے بچانے کے لیے سب کو ایک پیج پر آنا ہوگا"،ان کا کہنا ہے کہ "جس طرح ماضی میں فنکار، ہدایتکار، ڈسٹری بیوٹر اور فلم ساز مل کر کام کرتے تھے، اگر ایسا اب پھر ممکن ہوا تو انڈسٹری بحال ہوجائے گی اور مولاجٹ جیسی مزید فلمیں سامنے آئیں گی"۔

 فواد خان نے  اپنی نئی آنے والی فلم" منی بیگ گارنٹی "سے متعلق بات کرتے ہوئے  کہا کہ "میری نئی فلم منی بیک گارنٹی میں میری ایک نہیں دو دو ہیروئنیں ہیں ، ایک دولت اور دوسری کرسی"۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ "مولا جٹ کے ایکشن کے بعد اب مزاحیہ روپ میں بھی فلم بین مجھے پسند کریں گے، میں نے پہلے بھی کئی بار مزاحیہ کردار ادا کئے ہیں لیکن اس بار انداز کچھ نیا ہے۔ وسیم اکرم کے ساتھ کام کرکے بہت انجوائے کیا"۔

 ایک سوال کے جواب میں فواد خان نے بتایا کہ "میں سیریس رہتا ہوں لیکن مغرور بالکل نہیں ہوں,سب سے محبت سے ملتا ہوں,ہمیشہ سچائی سے کام لیتا ہوں، شگر کی بیماری تک کسی سے نہیں چھپاتا۔ اداکاری کی وجہ سے میری صحت کو بہت نقصان پہنچا ہے جس کا احساس اب ہوتا ہے"۔

 فلم کی دنیا بھر میں ریلیز اور پھر کامیابی کے ریکارڈ قائم کرنے کے حوالے سوال کے جواب میں اداکار نے بتایا کہ" "دی لیجنڈ آف مولاجٹ" کی دنیا بھر میں کامیابی کے بارے میں تھوڑا بہت سوچا تھا مگر اتنی کامیاب ہوگی اس کا اندازہ نہیں تھا"۔

 فواد خان نے موسیقی اور اداکاری کے بعد پروڈکشن کے میدان میں بھی قدم رکھ لیا ہے، ان کی فلموں کی ریلیز کے حوالے سے کئے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ "ماہرہ خان کے ساتھ فلم نیلوفر اس سال ریلیز کرنے کا ارادہ ہے"۔انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے مزید بتایا کہ" انہیں سیاہ رنگ کے لباس پہنا پسند ہے"، جبکہ پسندیدہ گلوکار کے حوالے سے بتایا کہ" انہیں استاد راحت فتح علی، عاطف اسلم اور علی ظفر کو سننے کا شوق ہے",اداکار نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "سرحدوں کے دونوں جانب مجھے پسند کیا جاتا ہے، مداحوں کی بڑی تعداد پیار کرتی ہے ان کا دل سے شکرگزار ہوں".

مزیدخبریں