مودی سرکار نے بی بی سی انڈیا کے خلاف نیا مقدمہ درج کردیا 

14 Apr, 2023 | 09:07 PM

Bilal Arshad

ویب ڈیسک: بھارت میں مودی سرکار کی جانب سے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے خلاف  انتقامی کارروائیوں میں مزید تیزی آگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مودی سرکار نے بی بی سی انڈیا کے خلاف فارن ایکسچینج قوانین کی خلاف ورزی کا نیا مقدمہ درج کر لیا ہے۔بھارتی وزیر اعظم کے خلاف ڈاکیومنٹری جاری کرنے کے بعد سے بی بی سی بھارت میں حکومتی عتاب کا شکار ہے۔

بی بی سی کی ڈاکیومنٹری میں گجرات فسادات کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کے کردار پر سوال اٹھایا گیا تھا۔ مودی سرکاری کی بی بی سی کے خلاف کاروائیاں آزادی اظہار رائے کو دبانے کے ضمن میں دیکھی جارہی ہیں۔ گجرات فسادات میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ مودی کے کردار پر مبنی اس ڈاکیومنٹری پر حکومت نے پابندی لگا دی تھی۔

اس کے علاوہ مالیاتی جرائم پر نگاہ رکھنے والی بھارتی ایجنسی نے بی بی سی کے خلاف غیر ملکی زرمبادلہ کے ضابطوں کی مبینہ خلاف ورزی کی تفتیش شروع کی ہے۔ چند ماہ قبل دہلی اور ممبئی کے اس کے دفاتر کی ٹیکس حکام نے تلاشی بھی لی تھی۔ فروری میں بی بی سی کے دہلی اور ممبئی دفاتر کی جانچ 59 گھنٹے تک چلی تھی۔ اس دوران ملازمین کو گھر جانے نہیں دیا گیا تھا اور ان کے لیپ ٹاپ اور موبائل فون بھی اسکین کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ بھارتی حکومت کی ان فسطایت پسند کاروائیوں پر برطانوی پارلیمان بھی نکتہ چینی کر چکی ہے۔دوسری جانب برطانوی وزیر خارجہ جیمس کلیورلی بھی اس معاملے کو اپنے بھارتی ہم منصب کے سامنے اٹھا چکے ہیں۔

مزیدخبریں