ویب ڈیسک: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ آئین کے مطابق اختیار عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیرصدارت قومی سلامتی پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے، ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے آئین کے 50 سال مکمل ہونے پر ارکان پارلیمنٹ کو مبارکباد دی، آرمی چیف نے 1973 کا آئین بنانے والوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہاکہ عوام طاقت کا محور ہیں،آئین پاکستان اور پارلیمنٹ عوام کی رائے کا مظہر ہیں، آئین کے مطابق اختیار عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال ہو گا۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار نے کہاکہ عوام اپنی رائے آئین اور پارلیمنٹ کے ذریعے استعمال کرتے ہیں،حاکمیت اعلیٰ اللہ تعالیٰ کی ہے، اللہ کے حکم سے ہی آئین کو اختیار ملا۔
معزز اراکین کے خیالات کے اظہار کے بعد اپنی اختتامی گفتگو میں آرمی چیف نے کہا کہ ہمیں نئے اور پرانے پاکستان کی بحث کو چھوڑ کر "ہمارے پاکستان" کی بات کرنی چاہیے۔پاکستان کے پاس وسائل اور افرادی قوت کی کوئی کمی نہیں ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ عوام کے منتخب نمائندے منزل کا تعین کریں اور پاک فوج پاکستان کی ترقی اور کامیابی کے سفر میں ان کا بھرپور ساتھ دے گی۔
اراکین قومی اسمبلی نے ڈیسک بجا کر اور تالیوں سے آرمی چیف کے خیالات کا خیر مقدم کیا اور خراج تحسین پیش کیا۔