علی امین گنڈا پور کے خلاف درج مقدمات کا معاملہ، لاہور ہائی کورٹ نے نوٹس جاری کر دیے

14 Apr, 2023 | 03:59 PM

ویب ڈیسک:  علی امین گنڈا پور کے خلاف مقدمات کے معاملے پر لاہور ہائی کورٹ نے آئی جی پنجاب سمت دیگر افسران کو نوٹس جاری کر دیے۔

 پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی امین گنڈا پور کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل کے لیے  لاہور ہائیکورٹ  سے رجوع کرلیا گیا، جسٹس انوار الحق پنوں  نے علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین گنڈاپور کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں آئی جی پنجاب ، سی سی پی او سمیت دیگرافسران کو فریق بنایا گیا ہے۔

وکیل درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ علی امین گنڈا پور  کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، درخواست گزار کے بھائی کو ایک کے بعد دوسرے مقدمے میں گرفتار کیا جا رہا ہے، گرفتاری  پہلے کی جاتی ہے اور مقدمہ بعد میں سامنے آتا ہے، ملزم کا حق ہے کہ اسے الزام کا علم ہو تاکہ وہ قانونی طور پر اپنا دفاع کر سکے۔

 وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت علی امین گنڈا پور کے خلاف درج  تمام مقدمات کی تفصیل طلب کرے، عدالت پولیس  کو درخواست گزار  اور اس کے بھائی کو غیر قانونی حراساں کرنے  سے روکنے کا حکم بھی دے۔ جس پر عدالت نے آئی جی  پنجاب سمیت دیگر فریقین   کو نوٹس جاری کرتے ہوئے  18اپریل کو  رپورٹ طلب کر لی ہے۔

مزیدخبریں