وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے استعفیٰ دیدیا

14 Apr, 2022 | 07:57 PM

Imran Fayyaz

(ویب ڈیسک) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اپنا استعفیٰ بھجوا دیا۔ قبل ازیں وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے والے چار وزراء و ایک مشیر کو عہدوں سے برطرف کر دیا۔

برطرف وزراء میں سینیئر وزیر تنویر الیاس، عبدالماجد خان، خواجہ فاروق احمد، علی شان سوہنی و مشیر چوہدری محمد اکبر شامل ہیں، وزیراعظم ہاؤس نے چاروں وزراء و مشیر کی برطرفی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ وزراء کو مس کنڈکٹ، بد عنوانی اور مشکوک سرگرمیوں کی وجہ سے برطرف کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 12 اپریل کو آزاد کشمیر میں حکمران جماعت کے 25 ممبران قانون ساز اسمبلی نے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔

سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد پارٹی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے عدم اعتماد کی تحریک کی محرکات اور اس کے پیچھے پس پردہ سازش سے پارٹی قائد کو آگاہ کیا تھا۔

مزیدخبریں