ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری مشکل میں پھنس گئے

14 Apr, 2022 | 01:43 PM

Muhammad Zeeshan

ویب ڈیسک: ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی جانب سے قومی اسمبلی اجلاس تاخیر سے بلانے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں  درخواست کل سماعت کے لئے مقرر کر دی گئی۔

 مسلم لیگ ن کے مرتضیٰ جاوید عباسی کی جانب سے وکیل منصور اعوان اور زینب جنجوعہ ایڈوکیٹ نےاسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے اہم پارلیمانی معاملے سے متعلق سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دے دیا،جوکہ چیف جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل ہوگا۔

 درخواست میں مؤقف اپنایا کہ 13 اپریل کا سرکلر جس میں اجلاس 22 اپریل تک ملتوی کیا گیا آئین سے متصادم ہے لہٰذا ڈپٹی اسپیکر کو اسپیکر اسمبلی کے الیکشن کے لیے فوری اجلاس بلانے کی ہدایت کی جائے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ سیکریٹری پارلیمانی افیئرز اور سیکریٹری اسمبلی کو 16 اپریل کو اجلاس بلانے کی ہدایت کی جائے جبکہ ڈپٹی اسپیکر کو اسپیکر قومی اسمبلی کے اختیارات استعمال کرنے سے روکا جائے۔

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، سیکریٹری پارلیمانی افئیرز اور سیکریٹری اسمبلی کو درخواست میں فریق بنایا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کا ہفتے کو ہونے والے اجلاس کا شیڈول تبدیل کیا گیا جس کے تحت قومی اسمبلی کا بروز ہفتہ سہ پہر 4 بجے ہونے والا اجلاس بروز جمعہ مورخہ 22 اپریل کو سہ پہر 3 بجے منعقد ہوگا۔

اجلاس کے شیڈول میں تبدیلی قائم مقام اسپیکر نے اسمبلی قواعد و ضوابط اور آئین کے قائدہ 49 کی شق 2(ب) کے تحت تفویض اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے کیا۔

مزیدخبریں