(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے سردار تنویر الیاس سمیت 5 وزراء کو برطرف کردیا۔
ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آزاد کشمیر کے برطرف وزراء میں سینئر وزیر سردار تنویر الیاس،وزیر تعلیم عبد الماجد خان ، علی شان سونی، خواجہ فاروق اور اکبر ابراہیم شامل ہیں۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے وزراء کو برطرف کیے جانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ایک بڑی سازش قرار دیا تھا۔ملاقات کے موقع پر عمران خان کی جانب سے سردار عبد القیوم نیازی پر اعتماد کا اظہار کیا گیا اور انہیں مستعفی ہونے سے روک دیا، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ، کمیٹی تمام اسٹیک ہولڈرز کی شکایات کا جائزہ لے کر 14 اپریل کی دوپہر تک فیصلہ کرے گی۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم عبدالقیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد وزیرمالیات ماجد خان اور اکبر ابراہیم نےجمع کرائی جبکہ درخواست گزاروں کی جانب سےمتبادل وزیر اعظم کے لیے سردار تنویر الیاس کا نام تجویز کیا گیا۔