عوام کیلئے پریشان کن خبر،لاہور میں نئےبحران نے سراٹھالیا

14 Apr, 2021 | 08:26 PM

M .SAJID .KHAN

(سعید احمد سعید)تحریک لبیک کے احتجاج نے شہر میں پیٹرولیم بحران پیدا کر دیا۔ شمالی لاہور اور جی ٹی روڈ سے ملحقہ علاقوں میں پیٹرول کی قلت، احتجاج کے باعث پچاس سے زائد یوٹیلٹی سٹورز کو بھی اشیا کی سپلائی معطل،شہری یوٹیلٹی سٹورز پر سستا گھی اور چینی ڈھونڈتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک کے احتجاج کی قیمت شہری چکانے لگے۔ احتجاج کے باعث راستوں کی بندش سے پیٹرولیم بحران نے سر اٹھا لیا۔ شہر کے کئی مقامات پر پیٹرول پمپس کو سپلائی نہیں مل سکی۔ تاج پورہ سکیم میں پی ایس او کا پیٹرول پمپ سپلائی نہ ملنے سے بند ہو گیا۔ شمالی لاہور کے علاقے، بند روڈ، جی ٹی روڈ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بھی پیٹرول کی قلت کی شکایات ہیں۔
دوسری جانب یوٹیلٹی سٹورز پر رمضان پیکیج کے تحت اشیا کی سپلائی بھی تعطل کا شکار ہو گئی ہے۔ سکیم موڑ مین سٹور اور موہلنوال وئیرہاوس کے اطراف احتجاج کے باعث اشیا کی رسد میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر کے 50 سے زائد یوٹیلٹی سٹورز کو سپلائی معطل ہوئی ہے۔ اکثر یوٹیلٹی سٹورز پر صارفین سستا گھی اور چینی ڈھونڈتے رہے۔احتجاجی مظاہروں اور راستوں کی بندش کا سلسلہ مزید ایک دو روز جاری رہا تو یہ بحران سنگین صورتحال اختیار کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز  شہر میں جاری احتجاجی سلسلوں کے باعث رائیونڈ روڑ، پنڈ ارائیاں، کرول گھاٹی رنگ روڈ،بتی چوک،شاہدرہ چوک میں ٹریفک جام رہی جبکہ ایل ڈی اے چوک،خیابان چوک،شنگھائی پل،غازی چوک،امیر چوک،مصری شاہ میں ٹریفک کے مسائل رہے، اس کے علاوہ باگڑیاں چوک گرین ٹائون،چونگی امرسدھو،موہلنوال،بھٹہ چوک،سکیم موڑ،یتیم خانہ چوک،کماہاں روڈ پر بھی ٹریفک پھنسی رہی، دروغہ والا،نیازی شہید چوک،مل پلی،مسلم ٹائون فلائی اوور،ای ایم ای،شاہ کام چوک،کچا جیل روڈ اور چوہنگ سمیت مختلف علاقوں میں ٹریفک جام رہی۔

ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرناپڑا،موٹروے پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ ملتان روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں،تصادم کے دوران پتھرائو اور تشدد کے باعث درجنوں پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

مزیدخبریں