لاہور میں تیسرے روز بھی مختلف شاہراہیں بند

14 Apr, 2021 | 01:28 PM

Sughra Afzal
Read more!

(سٹی 42)صوبائی دارالحکومت لاہور میں تیسرے روز بھی مختلف شاہراہیں بند، متبادل راستوں پر ٹریفک سست روی کا شکار، مسافروں کو منزل تک پہنچنے کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیر کی رات سے  ٹی ایل پی کے سربراہ سعد حسین رضوی کی گرفتاری کے باعث کارکنوں کی جانب سے شہر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث لاہور کے کچھ مقامات آج بھی ٹریفک کیلئے بند ہیں، شہریوں کے متبادل راستہ اختیار کرنے سے گلی محلوں میں ٹریفک کا بہاؤ بڑھ گیا،   ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے شہری منٹوں کا راستہ گھنٹوں میں طے کرنے پر مجبور ہیں۔   

ذرائع کےمطابق چونگی امرسدھو، شادباغ چوک، کرول گھاٹی رنگ روڈ، یتیم خانہ چوک، بھٹہ چوک، داروغہ والا چوک، سکیم موڑ، شاہدرہ چوک   ٹریفک کیلئے بند ہے، محمود بوٹی رنگ روڈ، کچا جیل روڈ ، موہلنوال، شنگھائی پل، کماہاں روڈ پر بھی ٹریفک کا نظام معطل ہے، شاہدرہ موڑ پر رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ 

سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق ٹھوکر نیاز بیگ سے لاہور میں تمام داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے، لاہور اسلام آباد موٹروے پر ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے، ٹھوکر نیاز بیگ بائی پاس سے ملتان روڈ عام ٹریفک کیلئے کھلا ہے،ملتان بائی پاس، ملتان روڈ، مغلپورہ کینال روڈ اور بحریہ کینال روڈ عام ٹریفک کیلئے کھلے ہیں،  سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کو بحال رکھنے کیلئے ٹریفک وارڈنز تعینات کیے گئے ۔

گزشتہ روز پولیس اہلکاروں اور مظاہرین میں تصام ہوا جس کے نتیجے میں 2  پولیس اہلکار شہید ، 112 زخمی ہوگئے، زخمیوں  کو طبی مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد دے دی گئی،  پولیس کے مطابق زخمی ہونیوالوں میں 2 ایس ڈی پی اوز، 5 انسپکٹرز ، 6 سب انسپکٹرز، 6 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 12 ہیڈ کانسٹیبلز اور 66 کانسٹیبلز شامل ہیں۔پولیس نے مظاہرین کیخلاف 20 مقدمات درج کرلیے،  مقدمات میں کار سرکار میں مداخلت، روڈ بلاک، اقدام قتل سمیت ملک کے ساتھ غداری اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں۔

مزیدخبریں