(قذافی بٹ) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا ہے کہ حکومتی ادارے شر پسند عناصر کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے، کسی کو معمولات زندگی کو متاثر کر نے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کی قیادت میں علماء نے ملاقات کی، ملاقات میں مولانا عبدالخبیر آزاد اور دیگر علماء نے گورنر کو شرپسند عناصر کیخلاف مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی اولین تر جیح ہے، ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشیں کرنیوالے ناکام ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں آئین وقانون کی حکمرانی کو یقینی بنا رہے ہیں، ہم سب نے ملکر پاکستان کو مستحکم کرنا ہے، انتشار پیدا کرنیوالوں کو ناکام بنانا ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ علماء رمضان المبارک میں مساجد میں کورونا ایس اوپیز پر مکمل عمل کو یقینی بنائیں، کورونا سے ایک ہی دن میں 118 ہلاکتیں پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔
واضح رہےکہ پیر کی رات سے مظاہرین اور پولیس کے درمیان شہر کے مختلف علاقوں میں تصادم کا سلسلہ جاری ہے، پولیس کے مطابق مظاہرین سے تصادم کے سلسلے میں ابتک پانچ اہلکار گولیاں لگنے،107اہلکار پتھرائو اور تشدد سے شدید زخمی ہوئے جبکہ 2 کانسٹیبل شہید ہوگئے، لاہور سمیت دیگر شہروں میں مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث ٹریفک جام رہی، جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔