( سٹی 42 )گلوکار عمران ہاشمی نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں صف اول کا کردار ادا کرنے والے ڈاکٹرز کو ٹریبیوٹ پیش کرنے کے لئے گانا تیار کرلیا۔
عمران ہاشمی کا گانا " تجھے سلام" کو خوب پسند کیا جا رہا ہے۔ اس گانے کے بول عمران ہاشمی نے خود تحریر کیے ہیں جبکہ کمپوز بھی خود کیا ہے۔
عمران ہاشمی کا کہنا ہے کہ اس مشکل صورتحال میں تمام ڈاکٹرز کمال بہادری کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ میرا گانا ان کا حوصلہ بڑھانے کے لیے ایک چھوٹی سی کاوش ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا ملک اور دنیا جلد ہی اس وباء کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
اس سے قبل علی ظفر نے بھی ایک نظم اپنی آواز میں ریکارڈ کرواکے ریلیز کی تھی، جسے سوشل میڈیا پر لاکھوں صارفین نے پسند کیا اور شیئر کیا۔ علی ظفر کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ نظم موجودہ حالات کے پیش نظر لکھی ہے اور ان کی دعا ہے کہ یہ حالات جلد ٹھیک ہوجائیں۔
علی ظفر نے اپنے ایک پیغام میں سب سے اپیل کی کہ وہ گھروں میں رہیں اور خود کو محفوظ بنائیں کیونکہ کورونا وائرس کی وباء اب پاکستان میں بھی بہت بری طرح پھیل رہی ہے۔
یاد رہے دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس نے پاکستان میں بھی ڈیرے ڈال لیے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 5 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 96 ہوگئی ہے جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مہلک وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد 5716 تک پہنچ گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق لاہور میں کورونا کے مزید 13 مریض سامنے آگئے جس کے بعد شہر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 458 ہوگئی ہے۔
پنجاب میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کی تعداد 19 ہزار786 اور صوبے میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 2826 ہوگئی، کورونا سے اب تک لاہور میں 11، پنجاب میں 24 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ صوبے میں اب تک 508 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔