سٹی42: مفتی منیب الرحمان کا کہنا ہے کہ مساجد میں لاک ڈاؤن نہیں ہوگا، باجماعت پنجگانہ نماز کے ساتھ رمضان المبارک میں و اعتکاف جاری رہے گا۔
مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں جاری جزوی لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے کی توسیع کردی ہے تاہم کہ مساجد میں لاک ڈاؤن نہیں ہوگا.ان کا کہنا ہے کہ برطانوی حکومت نے شہریوں کو سہولیات فراہم کیں، اگر حکومت نے اقدامات نہ اٹھائے تو عوام کا اعتماد کھو دے گی،ریاست کی ذمہ داری ہے کہ باشندوں کو مشکل سے نجات دلائے۔
پریس کانفرنس میں مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا کہ دارالعلوم کراچی میں تمام مکاتب فکر کے علماء کا اجلاس ہوا، کورونا وائرس کا پھیلاؤ نسل انسانی کے لیے ایک آزمائش ہے اور لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والوں کی مدد ہماری ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تمام افراد وضو گھر سے کرکے آئیں اور ماسک پہن کر آئیں، نماز کے بعد لوگ ہجوم بنانے کے بجائے احتیاط کریں۔ مفتی تقی عثمانی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مساجد میں گرفتاریاں نہ کی جائیں اور گرفتار لوگوں کو رہا کیا جائے۔
علماء کرام کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے جو احتیاطی تدابیر ہیں، ان پر عمل کرنا ہے، ایک مسلمان کے لیے رمضان میں باجماعت نماز ضروری ہے لہٰذا احتیاطی تدابیر کے ساتھ مساجد کھلی رہیں گی.
خیال رہے کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر وفاقی حکومت نے لاک ڈائون میں مزید 14 روز کی توسیع کا اعلان کردیا ہے. تاہم حجام، مکینک ، درزی سمیت کنسٹرکشن سیکٹر کو مکمل کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے لیکن مارکیٹس، سینما سمیت دیگر تمام پبلک مقامات بند رہیں گے.