ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مکھن پورہ کے مکین حکومتی بدنظمی کا شکار

مکھن پورہ کے مکین حکومتی بدنظمی کا شکار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( راؤ دلشاد، عثمان علیم ) کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے پر لاک ڈاؤن تو کردیا گیا لیکن سرکار مکھن پورہ کے رہائشیوں گھروں میں بند کرکے بھول گئی۔

تفصیلات کے مطابق چاہ میراں کے علاقہ مکھن پورہ سے کورونا وائرس کے مثبت کیسز رپورٹ ہونے پر لاک ڈاؤن جاری ہے، تاہم سرکاری ادارے لاک ڈاؤن کے بعد راستہ ہی بھول گئے۔ ایک سو چوون گھرانوں میں صرف ستر گھرانوں کو دس روز کا راشن دیا گیا جو ختم ہوچکا ہے۔

مکھن پورہ کے چوراسی گھرانے راشن کے منتظر ہیں، بارہ گلیوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس تعینات ہے مکھن پورہ کے بازار بند جبکہ شہری گھروں تک محدود ہیں، لیکن اشیاءخورونوش ختم ہونے پر مشکلات بڑھنے لگی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے ایک مرتبہ ستر گھرانوں کو راش فراہم کیا، لیکن مستحقین کو نظر انداز کیا گیا، تمام لوگ گھروں میں ہیں لیکن انکی ضرورتوں کا خیال نہیں رکھا جارہا۔

دوسری جانب کورونا سے متاثر سیل کیے گئے علاقوں میں راشن کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر دانش افضال کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر میں سیل کیے گئے 13 علاقوں میں راشن کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔

انتظامیہ نے مکھن پورہ لاک ڈاؤن ایریا میں دس دن کے لیے راشن کی تقسیم کر دی ہے، مکھن پورہ ( چاہ میراں) ایریا میں 51 گھروں کو لاک ڈائون کیا گیا ہے، جہاں 70 خاندانوں میں 3 دن قبل دس روز کا راشن دیا گیا ہے۔

جس میں گھی، دالیں، آٹا ، چاول اور دیگر سامان ہے، سکندریہ کالونی میں بھی 55 گھروں میں راشن دیا گیا ہے جبکہ شاہدرہ میں 100 گھروں میں راشن دیا گیا ہے۔

دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس نے پاکستان میں بھی ڈیرے ڈال لیے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 5 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 96 ہوگئی ہے جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مہلک وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد 5716 تک پہنچ گئی۔