لاک ڈاؤن زدہ علاقوں کو ڈس انفیکٹ کرنے کیلئے سپرے بریگیڈ تیار

14 Apr, 2020 | 05:32 PM

Arslan Sheikh

( راؤ دلشاد ) میٹروپولیٹن کارپوریشن نے لاک ڈاؤن زدہ علاقوں کو ڈس انفیکٹ کرنے کیلئے سپرے بریگیڈ تیار کرلیا، سپرے بریگیڈ لاک ڈاؤن زدہ علاقوں کو ڈس انفیکٹ کرنے آغاز کرے گا۔

کورونا وائرس کے شکار افراد کے گھروں کو ڈس انفیکٹ کرنے کیلئے سپرے بریگیڈ تیس اہلکاروں پر مشتمل ہے۔ سپرے بریگیڈ کو لاک ڈاؤن زدہ علاقوں میں روانہ کردیا گیا۔

پی ایس او ٹو ایڈمنسٹریٹر میاں وحید الزمان نے کہا کہ تنگ گلیوں اور کورونا وائرس کے شکار افراد کے گھروں کو ڈس انفیکٹ کرنا مشکل امر تھا، تاہم ایم سی ایل کے اہلکار قومی ذمہ داری نبھانے کےلیے پیش پیش ہے۔

ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ انکوائری امین اکبر چوپڑا نے کہا کہ ترجیحی کے طور پر کورونا وائرس سے متاثرہ علاقوں اور گھروں کو ڈس انفیکٹ کیا جارہا ہے۔ رہنما پی ٹی آئی میاں طارق محمود نے کہا کہ سپرے بریگیڈ کو حفاظتی سامان فراہم کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کورونا کے بڑھتے خدشات کے باعث رائیونڈ، سکندریہ کالونی، مکھن پورہ، بیگم کوٹ، رستم پارک، گلشن راوی، مغلپورہ، گواواپنڈ کو سیل کیا گیا۔ سکندریہ کالونی میں ایک ہی خاندان کے نو افراد سمیت 20 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اس کالونی کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا، کالونی کے کسی رہائشی کو گھر سے باہر یا کسی شہری کو کالونی میں داخلے کی اجازت نہیں۔

کالونی کے رہائشیوں کو اشیا خورونوش ضلعی انتظامیہ فراہم کر رہی ہے، جبکہ کالونی میں رہائش پذیر لوگوں میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ بھی کئے جا رہے ہیں۔ چاہ میراں کےعلاقہ مکھن پورہ میں کورونا کیسز سامنے آنے پر علاقے کو سیل کردیا گیا تھا۔

دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس نے پاکستان میں بھی ڈیرے ڈال لیے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 5 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 96 ہوگئی ہے جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مہلک وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد 5716 تک پہنچ گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق لاہور میں کورونا کے مزید 13 مریض سامنے آگئے جس کے بعد شہر میں  کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 458 ہو گئی، پنجاب میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کی تعداد 19 ہزار786 ہے، صوبے میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 2826 ہو گئی، کورونا سے ابتک لاہور میں 11، پنجاب میں 24 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ صوبے میں ابتک 508 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔   

مزیدخبریں