( رضوان نقوی ) ایف بی آر نے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی، سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس ریفنڈز کی آن لائن ادائیگی کیلئے ٹیکس گزاروں کو پروفائل اپڈیٹ کرنے کی درخواست کردی۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کو بینک اکاؤنٹس میں ریفنڈز کی آن لائن ادائیگی کیلئے مرکزی نظام قائم کردیا ہے۔ ریفنڈز کی آن لائن ادائیگی کیلئے ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کو "آئرس پروفائل " اپڈیٹ کرنے کی درخواست کی ہے۔
ایف بی آر نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ٹیکس گزار آئرس پروفائل میں دیئے گئے اپنے بینک اکاؤنٹس کیساتھ اپنے بینک کا "آئی بین" بھی فراہم کریں۔ ایف بی آر خودکار نظام کے ذریعے ٹیکس گزاروں کی ریفنڈز کی رقوم انکے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کرے گا۔
یاد رہے اس سے قبل ایف بی آر نے امپورٹرز کے بینک اکاؤنٹس میں کسٹمز ڈیوٹی ڈرابیک کی آن لائن ادائیگی کا نظام قائم کردیا تھا۔
آن لائن ادائیگی کے لئے ایف بی آر نے برآمدکنندگان سے درخواست کی تھی کہ وہ اپنا وی بوک پروفائل اپڈیٹ کریں۔ اس کے ساتھ سسٹم میں دیئے گئے اپنے بینک اکاؤنٹس کے ساتھ اپنے بینک کا " آئی بین" بھی فراہم کریں۔
اس کا مقصد الیکٹرانک ٹرانسفر کے ذریعے کسٹمز ڈیوٹی ڈرابیک کی ادائیگی جلد از جلد ممکن بنانا ہے۔
دوسری جانب ایف بی آر نے بڑے ریٹیلرز کے لیے بھی پوائنٹ آف سیلز نظام سے منسلک ہونے کی تاریخ میں 30 اپریل تک توسیع کی ہوئی ہے۔
ترجمان ایف بی آر کا کہنا ہے کہ تاریخ میں توسیع کی سہولت صرف ان ریٹیلرز کے لیے ہے جو اپنے قریبی ذیلی ایف بی آر دفاتر میں پواینٹ آ ف سیلز نظام سے منسلک ہونے کی رضامندی 20 اپریل تک جمع کرائیں گے۔