سٹی 42 :وفاقی حکومت نے ملک بھر میں لاک ڈائون میں 30اپریل تک توسیع کرتے ہوئے ہنر سے متعلق تجارت اور کاروبار بھی کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ درزی، پلمبر، الیکٹریشن، مکینک اور حجام کے کاموں پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔
اس کے علاوہ حکومت نے تعمیراتی شعبے سے منسلک دیگر شعبے بھی کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لاک ڈاؤن کے بعد کھلنے والے شعبوں سے متعلق رولز طے کر لیے گئے ہیں۔
تعمیراتی شعبے میں مختلف منصوبوں کی ذمہ داری صوبوں کے درمیان طے کی جائے گی۔ ہر صوبہ زیر التوا ترقیاتی اور تعمیراتی منصوبوں سے متعلق حکمت عملی بنائے گا۔کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشے کے باعث فضائی سفر، پبلک ٹرانسپورٹ، عوامی اجتماعات، شادی ہالز، سینما اور عوامی مقامات بھی بند رہیں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو ملک کی معاشی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جبکہ ای او بی آئی پینشن میں اضافے کی سمری موخر کر دی گئی۔
احساس کیش ٹرانسفر پروگرام سے متعلق ثانیہ نشتر نے کابینہ کو بریفنگ دی جبکہ احساس ایمرجنسی کیش ٹرانسفرز پر ایڈوانس انکم ٹیکس چھوٹ کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر کا انتظامی کنٹرول وزارت ماحولیاتی تبدیلی کے سپرد کرنے کی منظوری دی۔
اجلاس کے بعد معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم نےضلعی انتظامیہ کی کوشوں کوسراہا،کابینہ ممبران نےحلقوں میں رقوم کی تقسیم کےبارے میں آگاہ کیا،وزیراعظم نےکہا احساس ایمرجنسی پروگرام میرٹ کی بنیاد پرشروع کیاگیا،اقتصادی رابطہ کمیٹی میں فیول پرائس ایڈجسٹنمنٹ کی منظوری دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کےفیصلوں کی توثیق کی گئی،ہم لوگوں کی زندگیوں کوآسان بنانےکےکیلئے عمل پیراہیں،ضروری میڈیکل سامان پرٹیکس کی چھوٹ پرمنظوری دی گئی،پورٹل کےذریعے ہرشہری کواس پروگرام کی معلومات میسرہونگی۔
یاد رہے پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 96 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 5716 تک پہنچ گئی۔ملک میں ہونے والی 96 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ خیبرپختونخوا میں 35، سندھ 31 اور پنجاب میں 24 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں 2، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔
پنجاب میں اب تک کورونا کےمزید 170 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 2826 تک جا پہنچی ہے جب کہ 24 افراد کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں نئے کیسز کی تصدیق کی۔عثمان بزدار کے مطابق 1059 عام شہری، ڈی جی خان اور ملتان کے 701 زائرین، 89 قیدی اور 977 تبلیغی جماعت کے ارکان کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔