لاہور پولیس نے 927 پیشہ ور گداگروں کو گرفتار کر لیا

14 Apr, 2020 | 03:17 PM

Sughra Afzal

(عابد چودھری) کورونا وائرس حفاظتی اقدامات کے پیش نظر لاہور  پولیس نے پیشہ ور بھکاریوں کیخلاف  کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 927 پیشہ ور گدا گروں کو  گرفتار کر لیا۔

ڈی آئی جی آپریشز رائے بابر سعید کے مطابق سٹی  ڈویژن پولیس نے270، کینٹ نے 248جبکہ ماڈل ٹاؤن ڈویژن نے 90 بھکاریوں کو حراست میں لیا، صدر ڈویژن پولیس نے 232، سول لائنز نے 56 جبکہ اقبال ٹاؤن ڈویژن نے 31 بھکاری حراست میں لئے ، 883 بھکاریوں کو وارننگ جاری کی گئی جبکہ 5 سو سے زائد بھکاریوں سے شورٹی بانڈ لئے گئے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق دفعہ 144 کی خلاف  ورزی پر گداگروں کے خلاف 44ایف آئی آر ز درج کی گئیں۔رائے بابر سعید کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کو شکست دینے کیلئے سماجی فاصلہ انتہائی ضروری ہے اور سماجی فاصلوں کا خیال نہ رکھنا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتا ہے۔

واضح رہےکہ پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 4 ہلاکتوں کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 100 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 5782 تک پہنچ گئی،پنجاب میں آج اب تک کورونا کےمزید 170 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 2826 تک جا پہنچی ہے جبکہ 24 افراد کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں، لاہور میں کورونا کے مزید 13 مریض سامنے آگئے جس کے بعد شہر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 458 ہو گئی۔

کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لاہور سمیت پنجاب بھر میں گزشتہ کئی روز سے لاک ڈاؤن اور دفعہ 144 نافذ ہے، لاہور میں آج لاک ڈاؤ ن کا 22 واں روز ہے، تمام تعلیمی ادارے، مارکیٹیں، شاپنگ مالز، سرکاری ادارے، پارکس تفریحی مقاما ت بند ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہےکہ  کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ  وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، شہری ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں۔

مزیدخبریں