(عرفان ملک) پولیس اہلکاروں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کا معاملہ، سی سی پی او نے شہر میں سیل شدہ علاقوں میں تعینات اہلکاروں کے لیے پی پی ای کٹ سمیت دیگر حفاظتی اقدامات لازمی قرار دے دیئے۔
دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس نے پاکستان میں بھی ڈیرے ڈال لیے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 5 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 96 ہوگئی ہے جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مہلک وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد 5716 تک پہنچ گئی۔
لاہور میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 458، پنجاب بھرمیں 2826 ہوگئی، کورونا سے ابتک لاہور میں 11، پنجاب میں 24 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 508 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ کورونا کے خلاف لڑنے والی فرنٹ لائن فورس بھی کورونا وائرس کا شکار ہونے لگی، سمن آباد کے علاقے سکندریہ کالونی میں تعینات پولیس اہلکار میں بھی وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد کورونا کے شکار پولیس اہلکاروں کی تعداد6ہو گئی۔
لاہور پولیس اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید ایکشن میں آگئے، انہوں نے شہر میں سیل شدہ علاقوں میں تعینات پولیس اہلکاروں کے لیے پی پی ای کٹ سمیت دیگر حفاظتی اقدامات لازمی قرار دے دیئے۔
سی سی پی او ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ شہر میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کورونا پھیلاؤ کے خدشے کے باعث 13 علاقوں کو جزوی طور پر سیل کر کے وہاں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جو اہلکار حفاظتی کٹ استعمال نہیں کرتا اس کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے تمام ایس پیز کو اپنے متعلقہ سیل شدہ علاقوں میں تعینات اہلکاروں کو سرپرائز وزٹ کر کے چیک کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔