تعلیم گھر کو یو ٹیوب پر بھی لانچ کردیا گیا

14 Apr, 2020 | 12:46 PM

Azhar Thiraj

جنید ریاض : سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے طلباوطالبات کی سہولت کیلئے " تعلیم گھر " چینل کو یوٹیوب پر بھی لانچ کردیا، اس سے قبل تعلیم گھر چینل صرف لوکل کیبل پر ہی دیکھایا جاسکتا تھا۔
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کیجانب سے " تعلیم گھر " چینل کو یوٹیوب پر بھی لانچ کردیا گیا۔اس سے قبل تعلیم گھر چینل صرف لوکل کیبل پر ہی دیکھایا جاسکتا تھا۔ اب طلباء اس چینل کو ویب سائٹ اور یوٹیوب چینل پر بھی دیکھ سکیں گے۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ تعلیم گھر چینل پنجاب بھر کے 36 اضلاع میں دیکھا جاسکتا ہے، تعلیم گھر پر پیش کئے جانے والے اسباق طلباء کسی بھی وقت یوٹیوب سے حاصل کرسکیں گے۔

دوسری جانب محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ ہوم ورک لاک ڈائون کے باعث تاحال طلباء میں تقسیم نہیں کیا جاسکا۔طلباء کو چھٹیوں کے کام کی بنیاد پر اگلی جماعت میں پروموٹ کیا جانا ہے۔چھٹیوں کا ہوم ورک والدین کو سکول بلوا کردیا جانا تھا۔ ذرائع کے مطابق فون نمبرز کے غلط اندراج کی وجہ سے تاحال والدین کو ہوم ورک کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایا جاسکا۔

سینئر ٹیچر آصف گوہر کا کہنا ہے کہ اکثر والدین کے پاس سمارٹ فون نہ ہونے کی وجہ سے ہوم ورک کی ترسیل ممکن نہیں، لاک ڈائون کی وجہ سے فوٹو کاپی کے دکانیں بند ہیں اس لئے ہارڈ کاپیز فراہم کرنا بھی ممکن نہیں۔  موجودہ حالات میں سکولوں کے باہر ہوم ورک آویزاں کرنا بھی ممکن نہیں۔ دوسری جانب سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ چھٹیوں کے کام کیلئے والدین سے رابطہ کیا جارہا ہے، جلد چھٹیوں کے کام کی تقسیم کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔

 یاد رہے  کورونا وائرس  کے پھیلائو کو روکنے کیلئے پنجاب بھر میں جزوی  لاک ڈائون ہے،اس  لاک ڈائون کو 23 دن ہوگئے ہیں،کچھ علاقوں کو مکمل طور پر سیل کیا گیا ہے،گزشتہ روز قومی رابطہ کمیٹی کے ہونیوالے اجلاس میں تمام صوبائی حکومتوں نے اتفاق کیا کہ  لاک ڈائون میں توسیع ہوگی یا نہیں؟ اس کا فیصلہ متفقہ ہوگا ،جو فیصلہ وفاق کرے گا سب قبول کریں گے۔

خیال رہے پنجاب میں اب تک کورونا کےمزید 170 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 2826 تک جا پہنچی ہے جب کہ 24 افراد کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔وزیراعلیٰ  پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں نئے کیسز کی تصدیق کی۔عثمان بزدار کے مطابق 1059 عام شہری، ڈی جی خان اور ملتان کے 701 زائرین، 89 قیدی اور 977 تبلیغی جماعت کے ارکان کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

مزیدخبریں