(ریحان گل) محکمہ انڈسٹریز پنجاب نے رمضان المبارک کے دوران ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کے لئے لیسکو سمیت دیگر کمپنیوں سے 3000 روپے تک بل اداکرنے والے افراد کا ڈیٹا مانگ لیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے رواں سال رمضان بازار لگانے کی بجائے مستحق افراد کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینے پر غور کیا جارہا ہے، اس مقصد کے لئے محکمہ صنعت پنجاب نے لیسکو،، میپکو، گیپکو سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو مراسلہ جاری کیا ہے، جس میں ان سے کم بجلی کا بل ادا کرنے والے افراد کا ڈیٹا مانگا گیا ہے, مراسلے کے مطابق 1500 سے 3000 روپے تک ماہانہ بجلی کا بل جمع کروانے والے افراد کا ڈیٹا بھجوائے گئے پرفارما کے مطابق دینے کی ہدایت کی گئی ہے، پنجاب حکومت کو ڈیٹا موصول ہونے کے بعد سبسڈی کی رقم اور طریقہ کار کا تعین کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن ( اپٹما) پنجاب کے چیئرمین عادل بشیر نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ ملوں میں مینوفیکچرنگ دوبارہ شروع ہونے تک سوئی ناردرن گیس کو ایڈہاک بلوں کی وصولی موخر کی جائے، پنجاب حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے باعث ملوں کی بندش کے نتیجے میں خاص طور پر ٹیکسٹائل انڈسٹری اور بالخصوص اپٹما پنجاب کے ممبران کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
کاروباری اور معاشی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہوگئی ہیں، 23 مارچ سے اب تک کوئی پیداوار نہیں ہوئی لہذا ٹیکسٹائل یونٹوں میں گیس کی کھپت نہیں ہے، اپٹما پنجاب ممبر ملز معمول کی بحالی اور لاک ڈاؤن کو ختم کرنے تک ایڈ ہاک بل ادا کرنے سے قاصر ہیں, وزیر اعظم عمران خان اور وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل پر زور دیا ہے کہ وہ صورتحال کا جائزہ لیں اور ایس این جی پی ایل کو ہدایت کریں کہ ملک میں مینوفیکچرنگ کی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے تک ایڈہاک بل واپس لیں۔