(سٹی 42) چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس کی دنیا بھر میں تباہ کاریاں جاری ہیں، دنیا بھر میں کورونا وائرس اب تک 1 لاکھ 15 ہزار افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے جبکہ 18لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔
دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس نے پاکستان میں بھی ڈیرے ڈال لیے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 5 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 96 ہوگئی ہے جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مہلک وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد 5716 تک پہنچ گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق لاہور میں کورونا کے مزید 13 مریض سامنے آگئے جس کے بعد شہر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 458 ہو گئی، پنجاب میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کی تعداد 19 ہزار786 ہے، صوبے میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 2826 ہو گئی، کورونا سے ابتک لاہور میں 11، پنجاب میں 24 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ صوبے میں ابتک 508 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں گزشتہ 22 روز سے لاک ڈاﺅن جاری ہے، تمام سرکاری دفاتر،نجی کاروبار، تعلیمی ادارے، سینما گھر، شادی ہالز، مارکیٹیں، سیاحتی مقامات اور پارکس بند ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ ،ریلوے کا پہیہ جام ہے،کھیلوں کے میدانوں پر تالے لگے ہیں، ملک میں لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ آج ہوگا۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہےکہ یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے کورونا وائرس سے بچا جا سکتا ہے، صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزاریں ، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں، گرم پانی پئیں، ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے گریز کریں۔