تاجربرادری مارکیٹیں کھلوانے کیلئے متحرک ہوگئی

14 Apr, 2020 | 07:41 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (حسن علی،شہزادخان ) تاجربرادری مارکیٹیں کھلوانے کیلئے متحرک ہوگئی، پاکستان سمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹری کے صدر بابر بٹ نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات کی اور کہا کہ مار کیٹیں صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک کھولی جائیں۔

 گورنر ہاﺅس میں صدر پاکستان سمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسڑی کے صدر بابربٹ کی گورنر پنجاب چودھری سرور سے ملاقات میں صوبائی وزیر عبدالعلیم خان بھی موجود تھے، ملاقات میں کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے معاشی نقصانات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

 بابر بٹ کا کہنا تھا کہ حکومت صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک مارکیٹیں کھولے تاکہ معاشی سرگرمیاں بحال ہو سکیں جبکہ حکومت 50 ہزار کی خریداری پر عائد شناختی کارڈ کی شرط کو 2 سال کیلئے موخر کرے کیونکہ موجودہ مشکل حالات میں بھی تاجر برادری حکومت کے ساتھ ہے اس لئے حکومت بھی تاجر برادری کے مسائل کو حل کرے۔ گورنر پنجاب نے بابر بٹ کو تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔

 دوسری جانب لاک ڈاؤن کے باعث معاشی ابتری سے پریشان شاہ عالم مارکیٹ کے تاجر وں کے وفد نے صدر لاہور چیمبرعرفان اقبال شیخ سے ملاقات کی، صدر عرفان اقبال شیخ نے دکانوں کے کرایوں میں 50 فیصد کمی اور سمیڈا کے ذریعے چھوٹے تاجروں کو آسان شرائط پر قرضہ دلوانے کی یقین دہانی کرائی۔تاجر وفد میں رانا نثار، حاجی فرخ اقبال، شہزاد اسلم، عمر جاوید بٹ، اشفاق بٹ، طلال بٹ، خالد گجر اور شیخ عرفان سمیت دیگر شامل تھے۔

وفد نے لاک ڈاؤن سے پیدا ہونے والے معاشی ابتری کے حوالے سے تحفظات سے صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ کوآگاہ کیا، دن بھرمارکیٹوں اور بازاروں سے سینکڑوں تاجر رہنماؤں کی لاہور چیمبر آمد کا سلسلہ جاری رہا، تاجررہنماؤں نے صدرلاہور چیمبرعرفان اقبال شیخ سے چھوٹے تاجروں کو ریلیف دلوانے کا مطالبہ کیا۔

تاجر تنظیموں کے مرکزی رہنماؤں خالد پرویز، نعیم میر اور مجاہد مقصود بٹ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے بعد دکانوں کے کرایوں اورکیش فلو کا مسئلہ سنگین ہوگا، صدر لاہور چیمبر کرایوں میں ریلیف دلوائیں اوربغیرسود چھوٹے تاجران کو قرض دلوانے کیلئے پنجاب حکومت کو آمادہ کریں۔

صدرلاہورچیمبر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ لاہور چیمبرچھوٹے تاجروں کی تکالیف اور مسائل سے آگاہ ہے، چھوٹے تاجران کیلئے دکانوں کا کرایہ نصف کرانے اور سمیڈا سے بغیرسود قرض دلوانے کیلئے پنجاب حکومت سے استدعا کریں گے۔

شہربھر کی تاجر برادری کا کہنا ہے کہ اگر تاجروں کو ریلیف نہ دیا گیا تو معاشی ابتری کی صورتحال مزید سنگین ہوجائے گی۔

مزیدخبریں