( علی اکبر ) رکن قومی اسمبلی چودھری مونس الہٰی نے ن لیگ سے رابطوں کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیدیا، انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز سے نہ کوئی ملاقات ہوئی ہے اور نہ ہی اس کی ضرورت ہے، بولے میرے والد چودھری پرویزالہٰی کو بھی وزیراعلیٰ بننے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
مرکزی رہنما مسلم لیگ ق مونس الہٰی نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازشریف سے ملاقات اور ن لیگ کی جانب سے چودھری پرویزالہٰی کو وزیراعلیٰ بنانے کی پیشکش کی سختی سے تردید کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس کا دور دور تک کوئی امکان نہیں۔
مونس الہٰی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ یہ باتیں خود میرے لیے حیران کن ہیں، میری حمزہ شہباز سے نہ کوئی ملاقات ہوئی ہے اور نہ ہی مجھے اس کی کوئی ضرورت یا خواہش ہے۔ مونس الہٰی نے مزید کہا کہ جہاں تک میرے والد محترم چودھری پرویزالہٰی کا تعلق ہے انہیں پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ حاصل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اور ہماری جماعت پی ٹی آئی اور ان کے منتخب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی مکمل حمایت کر رہے ہیں۔