( فخر امام ) قتل یا خودکشی ؟؟؟ تھانہ لٹن روڈ کی حدود میں گھر سے ماں اور بیٹی کی پانچ روز پرانی لاشیں برآمد، ڈیڑھ سالہ بیٹا لاپتہ، 35 سالہ عائشہ اور 5 سالہ آمنہ کی میتیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں جبکہ پولیس نے شواہد اکھٹے کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔
لٹن روڈ کے علاقے سے ملنے والی ماں بیٹی کی لاشوں کی شناخت 35 سالہ عائشہ اور 5 سالہ آمنہ کے نام سے ہوئی ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق گلی میں بدبو پھیلنے پر پولیس کو اطلاع دی گئی تو گھر سے دونوں کی لاشیں برآمد ہوئیں جبکہ پولیس اور فرانزک ٹیموں نے پہنچ کر موقع سے شواہد اکھٹے کر لیے ہیں۔ لواحقین نے قتل کئے جانے کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ بہن سے پانچ دن سے رابطہ نہیں ہوپا رہا تھا۔ مرنے والی خاتون کے شوہر نے دو شادیاں کر رکھی ہیں جبکہ ڈیڑھ سالہ بچہ لاپتہ ہے۔
پولیس کے مطابق لاشیں 5 روز پرانی ہیں اور ماں بیٹی کے جسم پر تشدد کے نشان بھی نہیں، یہ قتل ہے یا کوئی اور وجہ پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹس کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے جبکہ ایک مشکوک شخص کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔