(سعید احمد) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے بلندوبانگ دعوے کھوکھلے نکلے، ایک جانب 24 گھنٹے ریزرویشن دفاتر کھولنے کے بیانات تو دوسری جانب ٹکٹ مشینیں ہی خراب ہیں۔
ریلوے ہیڈ کوارٹر ریزرویشن آفس میں 9 پرنٹ مشینیں خراب ہونے کی وجہ سے 14 میں سے صرف دو کاؤنٹر فنکشنل ہیں، جس پر ٹکٹ بک کرانے والوں کی لمبی قطاریں لگی رہتی ہیں، مشینوں کی بروقت مرمت نہ ہونے کے باعث مسافروں کو ٹکٹوں کے حصول میں دشواری کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ مسافروں کو ٹکٹوں کے حصول میں آسانی مہیا کرنے کے لیے تین ماہ قبل نئے کاؤنٹر بنائے گئے تھے، تاہم افتتاح کے تین ماہ بعد بھی یہ کاؤنٹر بحال نہیں ہوسکے جبکہ پہلے سے موجود ٹکٹ کاؤنٹر پر لگی مشینیں بھی خراب ہیں جس سے مسافر ذلیل و خوار ہورہے ہیں۔