ویب ڈیسک : بانی پی ٹی آئی کے ٹوئیٹر سے ایک بار پھر دھمکی پوسٹ کیے جانے پر ایف آئی اے حرکت میں آگئی ، مقدمہ درج کرکے تحقیقاتی ٹیم بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ گئی ۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اسلام آباد کے سینیئر افسران کی سربراہی میں 4 رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ سائبرکرائم وِنگ ٹیم بانی پی ٹی آئی سے تحقیقات کرنے کیلئے اڈیالہ جیل پہنچ گئی ہے جہاں تفتیشی وتکنیکی افسران پرمشتمل ٹیم عمران خان سے تحقیقات کرے گی۔ سائبر کرائم ونگ ٹیم عمران خان سے پوچھے گی کہ ان کا آفیشل اکاونٹ کہاں سے چل رہا ہے اور کون چلا رہا ہے ۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی دھمکی آمیزپوسٹ کے معاملے کی تحقیقات ایف آئی اے کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پوسٹ جاری کی، بانی پی ٹی آئی نے پاکستان کی سالمیت کے خلاف سوشل میڈیا پر مواد لگایا۔ بانی پی ٹی آئی نے فوج اور عدلیہ کے اداروں کو ٹارگٹ کیا، ایف آئی اے کی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ چکی اور ان سے پوچھا جائے گا کہ اکاؤنٹ کہاں سے چل رہا ہے اور کون چلا رہا ہے؟