علی امین کے پاؤں پکڑ لیں، عمران خان کا مشورہ

13 Sep, 2024 | 05:24 PM

سٹی42:  عمران خان نے خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے  پاؤں پکڑ لینے  اور "دہشتگردی کو بات چیت سے ختم کرنے" کا مشورہ دے دیا۔

پی ٹی آئی کے بانی نے اڈیالہ جیل میں کرپشن کیس کی سماعت کے دوران صحٓفیوں سے باتیں کرنے کا موقع ملنے پر ان سے کہا کہ " انہیں علی امین کے پاؤں پکڑنے چاہیے کہ خدا کے واسطے جا کرافغانستان سےبات کرو، بات چیت کے بغیر دہشت گردی ختم نہیں ہو سکتی۔"

راولپنڈی کے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے بانی نے کہا، میں علی امین گنڈا پور  کی حمایت کرتا ہوں وہ بالکل ٹھیک کہہ رہا ہے۔ 

صحافی نے سوال کیا کہ وفاقی حکومت اور دفتر خارجہ کے ہوتے صوبائی حکومت کیسے کسی دوسرے ملک سےبراہ راست بات کرسکتی ہے؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے  بانی پی ٹی آئی نے کہا، "دفتر خارجہ کو چھوڑو خیبر پختونخوا دہشتگردی سے سب سے ذیادہ متاثر ہے۔"

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا میں پولیس اہلکار بغاوت پر اترے ہوئے ہیں ہر جگہ پولیس احتجاج کر رہی ہے، 24 سال سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ پہلی ترجیح ہونا چاہیے، دہشت گردی کو کنٹرول نہ کیا گیا تو معیشت رک جائے گی۔ جب تک افغانستان سے تعلقات درست نہیں کریں گے دہشتگردی میں پھنسے رہیں گے۔ سب سے کم دہشت گردی پی ٹی آئی کے دور میں ہوئی، اگر کوئی دہشت گردی ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے تو اس سے تعاون کریں، علی امین ملک کے فائدے کی بات کر رہا ہے،  ملک کے خلاف نہیں۔ وفاق خود کہہ رہا ہے کہ کراس بارڈر دہشتگردی ہے تو وفاق نے  پھر اب تک کیا کیا؟ علی امین گنڈا پور نے جانے کی بات کی ہے، اس نے یہ نہیں کہا کہ جا رہا ہوں، اس نے کوئی ٹائم تو فکس نہیں کیا، اس نے کون سی غلط بات کر دی ہے۔

دو روز پہلےخیبرپختونخوا کے  وزیراعلیٰ علی امین نے یہ متنازعہ بیان داغ دیا تھا کہ وہ خود  افغانستان سے براہ راست مذاکرات کریں گے۔اور کہا تھاکہ خود افغانستان سے بات کروں گا ، اپنی پالیسیاں اپنے گھر میں رکھو، میں بحیثیت صوبہ افغانستان سے بات کروں گا، وفد بھیجوں گا، افغانستان کے ساتھ بیٹھ کر بات کروں گا اور مسئلہ حل کروں گا۔ 

علی امین کے اس بیان سے وفاقی حکومت میں تشویش پیدا ہوئی اور علی امین کے متنازعہ بیان پر تنقید کی گئی لیکن پی ٹی آئی کے جیل مین قید بانی نے آج اس متنازعہ بیان کی حمایت کر کے تنازعہ کو مزید ہوا دے دی۔ افغانستان کےقونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکر نے بھی آج خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات پر بھی اسلام آباد میں بھنویں اٹھائی جا رہی ہیں۔ 

مزیدخبریں