سٹی42: قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق نے پارلیمنٹ کے گرفتار ارکان کے پارلیمنٹ لاجز میں الاٹ شدہ گھروں کو ہی سب جیل قرار دے دیا۔ اب یہ ارکان پارلیمنٹ کے اجلاسوں کے دوران پارلیمنٹ لاجز مین واقع اپنے اپنے گھروں میں قید رہیں گے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی ارکان کے لاجز کو سب جیل قرار دینے کی فائل پر دستخط کر دیئے جبکہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اس حکمنامہ کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے 10 ارکان اسمبلی کو 9 ستمبر کی شب گرفتار کیا گیا تھا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سارجنٹ قومی اسمبلی اور 4 سکیورٹی اہلکاروں کو معطل کر دیا تھا کیونکہ بعض گرفتاریاں پارلیمنٹ کی عمارت کی حدود سے کی گئی تھیں۔
سپیکر ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس سے گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرتے ہوئے معاملے کی انکوائری کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی تھی جبکہ گزشتہ روز پی ٹی آئی اراکین کو اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ میں بھی پیش کیا تھا۔
اس دوران اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے پارلیمنٹ ہاؤس سے گرفتار ارکان اسمبلی کا 8 روز کا جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اپنا کام کر رہے ہیں لیکن گرفتاریوں کا معاملہ عدالت نے ہی دیکھنا ہے۔