سٹی42: پی ٹی آئی کی نیوز کانفرنس کے دوران صحافیوں نے ٹیبل پر سے اپنے اپنے مائیک اٹھا لئے اور نیوز کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے سینیٹر شبلی فراز اور دیگر رہنماؤں نے آج شام نیوز کانفرنس کی تو صحافیوں نے علی امین گنڈاپور کے اپنے توہین آمیز بیان پر صحافیوں سے معافی نہ مانگنے پر احتجاج کرتے ہوئے نیوز کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا اور ٹیبل پر رکھے ہوئے مائیک واپس اٹھا لئے۔
صحافیوں نے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین کے 8 ستمبر کو اسلام آباد مین سنگ جانی کی مویشی منڈی میں جلسہ کے دوران صحافیوں خصوصاً خاتون صحافیوں کے متعلق گھٹیا زبان میں قابلِ مذمت کلام کرنے پر سخت احتجاج کیا اور اس تقریر پر اب تک معذرت نہ کرنے پر پی ٹی آئی کی سرگرمی کا بائیکاٹ کر دیا۔
اس موقع پر ایک صحافی نے کہا کہ اس نیوز کانفرنس میں بیٹھنے والے سینیٹر شبلی فراز نے بھی احتجاج کرنے والے صحافیوں کے بارے میں غلط گفتگو کی ہے۔
پاکستان بھر کے تمام صحافتی اداروں نے علی امین کے گھٹیا طرز کلام اور قابل مذمت تقریر پر احتجاج کرتے ہوئے یہ طے کر رکھا ہے کہ جب تک علی امین گنڈاپور اپنی تقریر پر معافی نہین مانگیں گے صحافی پی ٹی آئی کی سرگرمیوں کا بائیکاٹ کریں گے۔ اس اجتماعی فیصلہ کے بعد آج پہلی مرتبہ پی ٹی آئی کی نیوز کانفرنس کا بائیکاٹ کیا گیا ہے۔