ملک اشرف : مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کیخلاف درخواست ، لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن سے جواب مانگ لیا ہے.
لاہورہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے شہری منیراحمد کی درخواست پر سماعت کی، جس میں نشاندہی کی گئی کہ مخصوص نشستوں کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر ترمیمی ایکٹ غیرآئینی ہوگیا تو سپریم کورٹ کے فیصلے پرعملدرآمد ہوگا۔ عدالت نے باور کرایا کہ اگر وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن 15 دنوں میں جواب داخل نہیں کرایا توحق دفاع ختم کر دیا جائیگا۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے درخواست کی مخالفت کی اور نشاندہی کی کہ سپریم کورٹ میں بیرسٹر گوہرعلی خان کی جانب سے پہلے ہی درخواست دائرکی جا چکی ہے۔ سرکاری وکیل نےاعتراض کیا کہ سوال یہ ہے کہ پی ٹی آئی جو اس معاملے میں اصل فریق ہے، اس نے درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی ہے تو پھر یہ درخواست کیسے قابل سماعت ہوسکتی ہے۔ درخواست پرآئندہ سماعت 27 ستمبر کو ہوگی۔