ویب ڈیسک: ٹیکساس میں لاپرواہ ڈرائیور نے پاکستانی طالبہ دانیا ظہیر کو ٹکر مار دی، شدید زخمی طالبہ کی آج سرجری ہوگی۔
پاکستانی طالبہ دانیا کا حادثے کے بعد کہنا ہے کہ ڈرائیور نے یہ بھی نہ دیکھا کہ میں زندہ ہوں یا نہیں، حادثے نے میرے سارے خواب توڑ دیے،پاکستان کے قونصل جنرل آفتاب چوہدری نے دانیا ظہیر کی عیادت کی، جبکہ سابق وفاقی وزیر بابر غوری و دیگر نے بھی طالبہ کی عیادت کی۔
پاکستانی امریکن کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں طالبہ کے ساتھ ہیں۔
دوسری جانب نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے امریکا میں پاکستانی طالبہ دانیا ظہیر کے روڈ حادثے کا شکار ہو کر زخمی ہونے کا نوٹس لے لیا،اسحاق ڈار نے امریکی ریاست ہیوسٹن میں پاکستانی طالبہ کے ساتھ پیش آنے والے حادثے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ٹیکساس میں پاکستانی قونصل جنرل کو ہدایت کی ہے کہ طالبہ دانیا ظہیر کی ہر ممکن مدد کریں۔
اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ دعا ہے کہ دانیا ظہیر کا آپریشن کامیاب ہو، زخمی پاکستانی طالبہ کے اہل خانہ ہیوسٹن جانا چاہتے ہیں تو ہر ممکن مدد کریں گے، دانیا ظہیر خود کو تنہا نہ سمجھیں، پاکستانی حکومت ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔