(جمالدین جمالی)گن پوائنٹ پر جوان بیوہ کو جنسی طور پر حراساں کرنے کا معاملہ ، بیوہ کا بزرگ والد محمد جاوید بٹ انصاف کیلئے سیشن عدالت پہنچ گیا۔
تفصیلات کےمطابق بھاٹی گیٹ کارہائشی محمد جاوید بٹ سیشن عدالت میں انصاف کے لئےدہائی دیتا رہا، اس کا کہنا تھا میری بیٹی سےگن پوائنٹ پر زیادتی کی کوشش اور جنسی طور پر حراساں والے ملزم نے عبوری ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے ، مقدمہ واپس لینے کیلئے قتل کی دھمکیاں دے رہا ہے۔
اس کا کہنا تھا ملزم کامران منا نے میری بیوہ بیٹی کو نہ صرف میرے سامنے ہراساں کیا بلکہ گن پوائنٹ پر اغوا کرنے کی بھی کوشش کی، ملزم کو کسی کا کوئی خوف نہیں ہے، اس نے ہمارا جینا دو بھر کر دیا ہے ۔ایڈیشنل سیشن جج محمد ظفر اقبال سیال نے ملزم کی عبوری ضمانت پر سماعت کی،عدالت نے ملزم کی درخواست ضمانت میں 21 ستمبر تک توسیع کر تےہوئے تھانہ بھاٹی گیٹ پولیس سے تفتیشی رپورٹ طلب کر لی ۔
دوسری جانب یوم آزادی کے موقع پر رکشہ میں سوار خاتون کےساتھ نازیبا حرکات کرنے کے مقدمہ میں گرفتار 4 ملزموں کو عدالت نے چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔
لاری اڈہ پولیس نے ملزم عثمان، عبدالرحمن، عرفان اور عاطف کو مزید جسمانی ریمانڈ کے لئےضلع کچہری میں پیش کیا، جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے کیس پر سماعت کی،عدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا مسترد کر دی اور ان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے ملزمان کےخلاف مقدمہ کا چالان 27 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا،پولیس نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کا فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ اور تفتیش میں پیش رفت کے لئے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے، عدالت نے پولیس تفتیش میں پیش رفت نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور پولیس کی استدعا مسترد کر دی ہے،عدالت نے قرار دیا کہ مزید جسمانی ریمانڈ کا کوئی جواز نہیں ہے۔