(جمالدین جمالی)ضلع کچہری، یوم آزادی کے موقع پر رکشہ میں سوار خاتون کیساتھ نازیبا حرکات کرنے کا معاملہ،عدالت نے مقدمہ میں ملوث 4 ملزمان کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاری اڈہ پولیس نے ملزم عثمان، عبدالرحمن، عرفان اور عاطف کو مزید جسمانی ریمانڈ کے لئےضلع کچہری میں پیش کیا، جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے کیس پر سماعت کی،عدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا مسترد کر دی اور ان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا، جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے ملزمان کےخلاف مقدمہ کا چالان 27 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا۔
پولیس نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کا فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ اور تفتیش میں پیش رفت کے لئے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے، عدالت نے پولیس تفتیش میں پیش رفت نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور پولیس کی استدعا مسترد کر دی ہے،عدالت نے قرار دیا کہ مزید جسمانی ریمانڈ کا کوئی جواز نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ پیشی پر لاہور میں چنگ چی رکشے پر خاتون سے بدتمیزی کرنے کے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی تھی ، متاثرہ خاتون نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں 4 ملزمان کی شناخت کی ، متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ چاروں ملزمان نے چلتے رکشے کا پیچھا کیا اور بار بار تنگ کیا۔
یاد رہے کہ 14 اگست کو راوی روڑ پر رکشے میں سوار لڑکی کی موٹرسایئکل سوار نے ویڈیو بناکروائرل کی جبکہ ان ملزمان نے غیراخلاقی حرکت کی، واقعہ کے بعد مقدمہ لاری اڈاہ تھانہ میں درج کیا گیا،پولیس نے رکشے میں سوار لڑکی سے غیراخلاقی حرکت کرنے اور ویڈیو بنانے والے کی شناخت کرلی تھی۔
ایف آئی آر کے مطابق دو لڑکیاں اور ایک چھوٹی بچی رکشے کی عقبی نشت پر بیٹھی تھیں کہ سرکلر روڈ گریٹر اقبال پارک کے نزدیک سے گزرتے ہوئے اوباش لڑکوں نے لڑکیوں کا پیچھا شروع کیا، 10 سے 12 اوباش لڑکے خواتین پر آوازیں کستے رہے۔
غیر اخلاقی اشارے بھی کئےان میں سے سفید رنگ کی شرٹ میں ملبوس لڑکا رکشے پر سوار ہوا اور خاتون کے ساتھ دست درازی ، نازیبا حرکت کی اور فرار ہو گیا۔