اورنج لائن ٹرین کے کرایہ میں مزید اضافہ

13 Sep, 2020 | 03:59 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42: اورنج ٹرین کے منظور ہونے والے کرائے میں 10روپے مزید اضافے کا فیصلہ کر لیا گیا، اورنج ٹرین کا کرایہ 50روپے مقرر کرنے کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے سمری کابینہ کوارسال کردی گئی۔

ذرائع  کے مطابق سمری میں پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پارلیمنٹرینز کی تجاویز کو شامل کیا گیا ہے جس میں انہوں نے اورنج ٹرین کا کرایہ 40سے 50روپے مقرر کرنے کی تجویز دی۔اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اورنج ٹرین کا کرایہ چالیس روپے مقرر کرنے کی منظوری دی تھی۔ کابینہ کے اجلاس میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی سمری پر جائزہ لیا جائے گا۔ حکام کے مطابق کابینہ کی منظوری کے بعد اورنج ٹرین کا کرایہ 40 سے 50 روپے مقرر کردیا جائے گا۔

خیال رہے ایل ٹی سی چیئرمین، وائس چیئرمین اور سی ای او لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے مابین اختیارات کی جنگ شدت اختیار کرگئی، سی ای او نے ہراساں کرنے پر وائس چیئرمین کے خلاف صوبائی محتسب کو درخواست دے دی۔ بڑے افسران کی لڑائی میں کمپنی کی کارکردگی بری طرح متاثر ہونے لگی ہے۔ سی ای او لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی مریم خاور نے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے خلاف صوبائی محتسب کو درخواست جمع کروا دی ہے۔

ادھر ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ 6ماہ سے فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ کی آڑ میں ہزاروں روپے جرمانے کئے جارہے ہیں، 2 جنوری کو ہڑتال کے دوران مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی مگر نتیجہ کچھ نہ نکلا۔اجلاس میں آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن بس اونرز ایسوسی ایشن پنجاب انصاف پبلک ٹرانسپورٹ فیڈریشن سٹاف ڈیوٹی اینڈ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن اورآل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ ایمپلائز اینڈ آپریٹرز یونین اور دیگر تنظیمیں شریک ہوئیں۔

مزیدخبریں