"تیزاب گردی سے متاثرہ افراد کا علاج سرکاری خرچ پر کرایا جائے گا"

13 Sep, 2020 | 10:25 AM

Sughra Afzal

مال روڈ(علی اکبر ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ فلاحی ریاست کے تصور کو عملی شکل دینے کے لئے پنجاب احساس پروگرام  کا اجراء کیا ہے، ماضی میں جائز حقوق سے محروم طبقات کے احساسات کو مجروح اور ضروریات کو نظر انداز کیا جاتا رہا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے زیر اہتمام پنجاب احساس پروگرام کے تحت صوبے میں سوا  53ارب روپے کے ''نئی زندگی''اور''ہیومن کیپٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ'' کاآغازکر دیا گیا ہے۔

  وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ آفس میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب احساس پروگرام کے تحت ''نئی زندگی'' اور''پنجاب ہیومن کیپٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ'' کا اجراء بے حد اہمیت کا حامل ہے اور پنجاب احساس پروگرام ریاست مدینہ کے خواب کی عملی تعبیر کیلئے پہلا قدم ہے، ''نئی زندگی''پروگرام کے تحت تیزاب گردی کا شکار مردو خواتین کا علاج اور بحالی شامل ہے، تیزاب سے متاثرہ افراد کا سرکاری خرچ پر مکمل علاج کرایا جائے گا، ابتدائی طور پر نئی زندگی پروگرام کیلئے 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے چیئر پرسن علی اسجد ملہی نے ''نئی زندگی''اور''پنجاب ہیومن کیپٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ'' کی غرض و غائیت پر روشنی ڈالی۔

  وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نئی زندگی پروگرام کے تحت پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی جانب سے 20 کروڑ روپے مالیت کا چیک سیکریٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کو دیا۔

 وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سندس فاؤنڈیشن کے صدر محمد یاسین خان نے بھی ملاقات کی، اس موقع پر تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریض بچوں کے علاج معالجے کیلئے کئے گئے اقدامات پر گفتگو ہوئی۔ 

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت بڑی عبادت کا درجہ رکھتی ہے، دوسروں کا دکھ بانٹنے والے دین اور دنیا دونوں کما رہے ہیں، حکومت فلاحی کام کرنیوالے اداروں سے بھر پور تعاون جاری رکھے گی۔ تھیلیسیمیا، ہیمو فیلیا اور بلڈ کینسر میں مبتلا مریضوں کو صحتمند خون کی فراہمی کے حوالے سے سندس فاؤنڈیشن بہت بڑا فریضہ سرانجام دے رہی ہے، تھیلیسیمیا سے بچاؤ کیلئے نوجوان نسل کو آگاہی فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔

مزیدخبریں