بیگم کلثوم نواز کی میت کو لندن سے کہاں پہنچایا جائے گا؟ جانئے

13 Sep, 2018 | 01:32 PM

M .SAJID .KHAN

نبیل ملک : سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی میت کو لندن سے لاہور منتقل کرنے کے بعد رائے ونڈ پہنچانے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے، بیگم کلثوم نواز کے جسد خاکی کے لندن سے لاہور پہنچنے کے بعد علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے رائے ونڈ منتقلی کا پلان سٹی فورٹی ٹو نےحاصل کر لیا ہے۔

 ذرائع کےمطابق پی آئی اے سمیت لاہور ایئرپورٹ پر تعینات تمام متعلقہ محکموں نے اپنے اپنے انتظامات مکمل کر لیے ہیں، مرحومہ کا جسد خاکی جمعۃ المبارک کی صبح 6 بجے پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 پر لندن سے لاہور پہنچے گا، اس دوران پی آئی اے سمیت لاہور ایئرپورٹ کا عملہ فوری میت کو جہاز سےاتار کر خصوصی ایمبولینس میں منتقل کر دے گا،بعد ازاں بیگم کلثوم نواز کی میت کو مرکزی رن وے کراس کراتے ہوئے نیو ٹرمینل بلڈنگ سے حج ٹرمینل بلڈنگ کے راستے ایئرپورٹ سے باہر نکالا جائے گا، جبکہ میت کےہمراہ لندن سے لاہور آنے والے دیگر اہلخانہ کو بھی سخت سکیورٹی میں رائے ونڈ پہنچایا جائے گا۔

 ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی میت وصول کرنے شریف خاندان کے 5 افراد صبح ساڑھے پانچ بجے لاہور ایئرپورٹ پہنچ جائیں گے،ایئرپورٹ پر میت کو وصول کرنے کے لیے اپوزیشن لیڈرپنجاب اسمبلی میاں حمزہ شہباز، مرحوم عباس شریف کے دونوں صاحبزادے، مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر اپنی نانی کی میت وصول کرنے پہنچیں گے، تاہم شریف خاندان کی کوئی بھی خاتون میت کو وصول کرنے رائے ونڈ سے لاہور ایئرپورٹ روانہ نہیں ہو گی، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ میت کولاہور ایئرپورٹ سے رائے ونڈ منتقل کرنے کے لیے خصوصی ہیلی کاپٹر کا بندوبست کیا گیا ہے، جو حج ٹرمینل پر موجود رہے گا۔

 جمعۃ المبارک کی صبح 5 سے 7 بجے تک لاہور کینٹ کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی انتہائی سخت رہے گی، میت کے دیدار کے لیے ممکنہ طور پر لاہورایئرپورٹ پہنچنے والے لیگی کارکنان اور عہدیداروں کو کینٹ میں داخلے سے روکا جائے گا، تاکہ سکیورٹی صورتحال کنٹرول میں رکھی جا سکے۔

مزیدخبریں