ایس سی او اجلاس؛ سیکیورٹی انتظامات مکمل، ٹریفک پلان بھی جاری

13 Oct, 2024 | 06:42 PM

ویب ڈیسک : آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کیلئے مربوط سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ، ساتھ ہی ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا گیا۔ 

 شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے لیے غیر ملکی وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، اس حوالےسے مربوط سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے ۔  راولپنڈی اور اسلام آباد کے لیے جاری کردہ ٹریفک پلان کے مطابق 14 سے 16 اکتوبر تک مختلف شاہراہیں بند رہیں گی جب کہ ٹریفک پلان پر عملدرآمد کے لیے 1100 سے زائد ٹریفک اہلکار مامور ہوں گے۔

ٹریفک پلان

 وفاقی دارالحکومت میں ہر قسم کی بھاری ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ اسلام آباد ایکسپریس وے، زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک بند ہوگی۔ راولپنڈی آنے اور جانے والے نائنتھ ایونیو استعمال کریں گے۔ فیصل ایونیو پر زیرو پوائنٹ سے نائنتھ ایونیو کی طرف ڈائیورژن ہوگی۔ بارہ کہو سے راولپنڈی کیلیے کورنگ روڈ، بنی گالہ، لہتراڑ روڈ استعمال کیا جائے گا۔ آئی جے پی روڈ سے فیض آباد کیلیے نائنتھ ایونیو سگنل سے اسٹیڈیم روڈ کا راستہ مختص کیا گیا ہے جب کہ جی ٹی روڈ کے ذریعے پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک کو ٹیکسلا سے موٹر وے موڑا جائے گا۔گاڑیاں چکری انٹر چینج سے اتر کر براستہ روات دوبارہ جی ٹی روڈ استعمال کر سکتی ہیں۔ جڑواں شہروں اور پشاور کی طرف جانے والی بڑی گاڑیوں کیلیے بھی یہی روٹ ہوگا جب کہ پنڈی اور اسلام آباد میں میٹرو بس سروس 14 سے 17 اکتوبر تک بند رہے گی۔

آئی جی اسلام آباد کا بیان 

آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ  غیر ملکی سربراہان، وفود اور مہمانوں کی بھرپور سیکیورٹی یقینی بنائی ہے۔ ایئر پورٹس، وفود کی رہائش گاہوں اور دیگر مقامات پر ڈیوٹیز کو حتمی شکل اور ٹریفک کا پلان تشکیل دیا ہے، کوشش کی ہے کہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ، ضلعی انتظامیہ، آرمی، رینجرز اور ایف سی اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔ سرچ اور انفارمیشن بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ دیگر صوبائی پولیس، ٹریفک پولیس، اسپیشل برانچ اہلکار بھی فرائض ادا کر رہے ہیں، پولیس نے 93 فیصد فورس بھرپور سیکیورٹی انتظامات کیلیے تعینات کی ہے اور 9 ہزار سے زائد اہلکار فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا 26 واں سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے۔ اس اجلاس میں چین، بھارت، روس، ایران سمیت تمام ممبر ممالک کے وفود شرکت کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں